لاہور: پاکستان سپر لیگ 7 (پی ایس ایل) کے 29 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یو نائیٹڈ کو6 وکٹوں سے شکست دے دی-

باغی ٹی وی : ملتان سلطانز نے 106 رنز کا ہدف 18ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے پلے آف میں پہلی پوزیشن بھی حاصل کرلی اور اسی کے ساتھ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اگلے مرحلے سے آؤٹ ہوگئی –

ملتان سلطانز کے محمد رضوان نے 51 رنز کی ناٹ آوٹ اننگز اور ڈیوڈ ولے نے 28 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

اسلام آباد کی ٹیم شروع ہی سے مشکلات کا شکار رہی اور کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا۔ مقررہ 20 اوورز میں اسلام آباد کی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 105 رنز بناسکی اسلام آباد کی جانب سے ناصر نواز اور محمد حریرہ نے اننگز کا آغاز کیا-

9 رنز پر حریرہ آؤٹ ہوئے، نئے آنے والے بلے باز لیام ڈاسن بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رُک سکے اور 36 کے مجموعی اسکور پر 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، یاسر نواز اور اعظم خان بھی پویلین لوٹے یوں یونائیٹڈ کے 4 کھلاڑی 52 رنز پر آؤٹ ہوئے۔

پھر آصف علی کریز پر آئے تو وہ بھی ناکام رہے اور صرف 9 رنز بنا کر 64 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے، دانش عزیز بھی 6 رنز بنا کر 69 کے مجموعی اسکور پر ڈیوڈ کا شکار بنے، ظفر گوہر 77 کے مجموعی اسکور پر 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

، محمد موسیٰ 26 اور لیام ڈاسن 22 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ 6 کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکے۔ سلطانز کے آصف آفریدی اور عمران طاہر نے 2 ، 2 اور ڈیوڈ ولی، شاہ نواز دھانی اور ٹم ڈیوڈ نے ایک ایک کھلاڑی کو واپسی کی راہ دکھائی۔

ملتان کی فتح کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر آگئی، جسے اپنے مزید سفر کے لیے ایلی مینیٹر راؤنڈ میں فتح حاصل کرنا ہوگی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان آصف علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرنے کے بعد کہا تھا کہ ہم نے چار سے پانچ تبدیلیاں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم میں نوجوان کرکٹرز کو موقع دے رہے ہیں۔

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ہم اچھی کرکٹ کھیلنے پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں ںے کہا کہ ہم لوگ بال ٹو بال کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں کپتان آصف علی، ناصر نواز، محمد ہریرہ، لیام ڈاؤسن، اعظم خان، دانش عزیز، ظفر گوہر، مرچنٹ ڈی لینگ، اطہر محمود، زاہد محمود اور محمد موسیٰ شامل ہیں۔

ملتان سلطانز میں کپتان محمد رضوان، شان مسعود،عامرعظمت،رائیلی روسو ، ٹم ڈیوڈ، خوشدل شاہ، ڈیوڈ ویلی، آصف آفریدی، رومان رئیس، عمران طاہر اور شاہ نواز دہانی شامل ہیں۔

دوسری جانب پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 7 ویں ایڈیشن کے پلے آف مرحلے کی ٹیموں کا فیصلہ ہوگیا ہے اسلام آباد یونائیٹڈ نے پلے آف کیلئے کوالیفائی کرلیا جس کے ساتھ ہی کراچی کنگز کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بھی ایونٹ سے باہر ہوگئی ہے ملتان سلطانز ، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے ساتھ اسلام آباد یونائیٹڈ پلے آف میں پہنچ گئی ہے-

Shares: