اسلام آباد:سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور سندھ ہائیکورٹ کے جج جسٹس کے کے آغا کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنسز کی سماعت اختتام پذیر ہوگئی۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ کی زیرصدارت سپریم جوڈیشل کونسل کے تیسرے اجلاس میں جسٹس قاضی فائزعیسیٰ اور جسٹس کے کے آغا کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنسز کی سماعت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اٹارنی جنرل انور منصور خان نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے جواب کا جواب الجواب کونسل کے اجلاس میں جمع کرا دیا، کونسل اٹارنی جنرل کے جواب کا جائزہ لینے کے بعد حکم جاری کرے گی۔
دوسری جانب ملک بھر کی بار ایسوسی ایشن میں صدارتی ریفرنس کے خلاف غصہ پایا جاتا ہے، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر امان اللہ کنرانی نے ارکان پارلیمنٹ سے ججز کے خلاف ریفرنس بھیجنے پر صدر مملکت عارف علوی کے مواخذے کا مطالبہ کیا ہے۔