سڑکوں پر نماز پڑھنے اور جانوروں کا بازار لگانے سے روک دیا گیا
عید الاضحی سے کچھ دن پہلے ہی بھارت کے میرٹھ شہر میں سڑکوں پر نماز کی ادائیگی سے روک دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سڑک پر لگنے والی جانوروں کے بازار پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ پابندی نقل حمل کے متاثر ہونے کی وجہ سے لگائی گئی ہے۔
میرٹھ پولیس کے اقدام کی شہر کے قاضی زین الساجدین نے حمایت کی ہے، تاہم انہوں نے یہ مشورہ دیا ہے کہ عید الفطر اور عید الاضحی کی نماز پر کسی طرح کی پابندی نہ لگائی جائے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق شہر قاضی کی تجویز کو انتظامیہ کی طرف سے منظور کر لیا گیا ہے۔
یوگی حکومت کے اس اقدام کے حوالہ سے مسلمانوں میںملا جلا رجحان پایا جا رہا ہے تاہم، شہر قاضی نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ مسلمان سڑکوں پر نماز جمعہ نہ پڑھیں اور انتظامیہ کا تعاون کریں۔
نماز جمعہ کے لئے جگہ کم پڑ جانے کے بعد لوگوں نے ان مسجدوں کی طرف رخ کیا جو محلوں اور گلیوں میں موجود ہیں۔ لیکن اس دوران کئی لوگ نماز جمعہ کے خطبہ اور جماعت میں شرکت نہیں کر سکے۔
قبل ازیں میرٹھ کے ایس ایس پی اجے ساہنی نے حکم جاری کیا کہ سڑکوں پر نماز کی پابندی کی اگر خلاف ورزی کی جائے تو سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ میرٹھ پولس نے قربانی میں استعمال ہونے والے 20 اونٹوں کو اپنے قبضے میں لے لیا۔