وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا سوات اسکول وین حملہ کے حوالے سے کہنا ہے کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانا درندگی کا پست سے پست تر رجحان ہے.
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سوات میں اسکول وین پر دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ مذمت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانا درندگی کا پست سے پست تر رجحان ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے سوات سمیت پورے ملک کی عوام کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے بچوں سمیت ہر شہری کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں.
وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ؛ اس سفاکانہ واقعے میں ملوث ملزمان کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے حملے میں شہید ہونے والے وین کے ڈرائیور کے لواحقین سے تعزیت و دلی ہمدردی کا اظہار اور حملے میں زخمی ہونے والے طلبہ کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی ہے.
خیال رہے کہ سوات میں اسکول وین ڈرائیور کے قتل کے خلاف احتجاج کو آج دوسرا روز ہے اور مقتول وین ڈرائیور کے لواحقین نے منگل کو مسلسل دوسرے روز بھی احتجاج جاری رکھا ہے. جبکہ مظاہرین کا کہنا تھا کہ جب تک ملزمان کو کیفر کردار تک نہیں پہنچایا جاتا احتجاج جاری رہے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبے میں دہشت گردانہ حملے اور بدامنی ناقابل برداشت ہے۔ مظاہرین نے کہا کہ ہم خطے میں امن چاہتے ہیں اور ہم دہشت گردی کا مقابلہ کریں گے۔
مینگورہ، جس شہر میں یہ حملہ ہوا، کے رہائشیوں کو خدشہ ہے کہ اسے پاکستانی طالبان نے انجام دیا ہے لیکن عسکریت پسندوں نے پیر کو ہونے والی فائرنگ کی ذمہ داری سے انکار کیا ہے۔ جبکہ ایک پرائیویٹ سکول کے پرنسپل احمد شاہ نے بتایا کہ “لوگ ناراض ہیں اور وہ احتجاج کر رہے ہیں۔ تمام پرائیویٹ سکولوں کے طلباء احتجاج کے لیے نکل آئے”۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج یعنی منگل کو اسکول بند رہیں ہیں اور تب تک بند ہونگے جب تک انصاف نہیں ملتا.
یاد رہے کہ ایک روز قبل ایک مسلح حملہ آور نے اسکول وین پر فائرنگ کی تھی جس سے وین ڈرائیور ہلاک اور ڈرائیور کے ساتھ اگلی سیٹ پر بیٹھا ایک طالب علم زخمی ہوگیا تھا۔ جس کے بعد سے متاثرہ لواحقین اور پڑوسیوں نے احتجاج شروع کر دیا ہے اور انہوں نے انصاف کا مطالبہ کیا۔ یہ حملہ نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کو تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی طرف سے گولی مارنے کے 10 سال مکمل ہونے کے ایک دن بعد ہوا ہے جب وہ ایک اسکول کی طالبہ تھیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں؛ آئندہ ماہ پنجاب میں ایک بار پھر ہماری حکومت ہوگی. لیگی رہنماء حنیف عباسی کا دعویٰ
وفاقی کابینہ اجلاس؛ ممکنہ لانگ مارچ میں امن و امان کیلئے وزارت داخلہ کی 41 کروڑ کی سمری منظور
زلفی بخاری اور افتخار درانی نےآصف زرداری کے خلاف نااہلی ریفرنس جمع کرا دیا
اس حوالے سے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان ایسے وقت میں اقتدار میں واپس آنے کا دعویٰ کر رہے ہیں جب خیبرپختونخوا میں مکمل افراتفری ہے اور امن و امان کی صورتحال ابتر ہے وہ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کر رہے تھے جہاں وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف اور جماعت اسلامی کے مولانا عبدالاکبر چترالی نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا تھا. دریں اثناء مولانا چترالی نے صوبے میں ٹارگٹ کلنگ اور قتل کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا تھا.