اوچ شریف (باغی ٹی وی: نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کا صدیوں پرانا تاریخی و روحانی قبرستان "زندہ لال”، جو کبھی عقیدت و احترام کا مرکز سمجھا جاتا تھا، آج بدانتظامی، غفلت اور بے حسی کی المناک تصویر پیش کر رہا ہے۔ یہ مقدس مقام اب قبروں کی بے حرمتی، گندگی، منشیات کے عادی افراد اور چرنے والے جانوروں کے رحم و کرم پر ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق قبرستان میں گدھے، بکریاں اور دیگر مویشی کھلے عام گھومتے ہیں، جن کے فضلے سے تعفن اور بدبو نے قبرستان کے تقدس کو پامال کر دیا ہے۔ متعدد قبریں مسمار ہو چکی ہیں، کتبے غائب ہو گئے ہیں اور بعض مقامات پر قبریں مٹی کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکی ہیں۔
رات کے وقت قبرستان میں منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کا راج ہوتا ہے، جو نہ صرف ماحول کو غیر محفوظ بناتے ہیں بلکہ قبرستان کے روحانی وقار کو بھی شدید نقصان پہنچا رہے ہیں۔
شہریوں نے اس صورتحال پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور، چیئرمین بلدیہ اوچ شریف اور دیگر متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ "یہ صرف قبریں نہیں بلکہ ہمارا روحانی ورثہ، ہماری تاریخ اور عقیدت کا عکس ہیں، جن کی بے حرمتی کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی۔”
شہریوں نے قبرستان کی فوری صفائی، چار دیواری کی تعمیر، روشنی کے انتظامات اور مستقل سیکیورٹی کی فراہمی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو یہ قیمتی ورثہ مکمل طور پر مٹ جائے گا۔