پاکستانی نژاد سابق بالی وڈ اداکارہ سومی علی کا کہنا ہے کہ تحفظ کے لئے سلمان خان سے شادی کرنا چاہتی تھی اسی لئے وہ بالی وڈ میں گئیں تھیں-
باغی ٹی وی : سومی علی کا کہنا ہے کہ بچپن میں ریپ ہونے کے باعث وہ سمجھتی تھیں کہ سلمان خان سے شادی کرکے خود کو محفوظ بنالیں گی ان کا اداکاری کا کوئی ارادہ نہیں تھا وہ تو بالی وڈ میں سلمان خان سے شادی کرنے کیلئے گئی تھیں۔
ہیلو میگزین کو دیئے گئے انٹرویو میں سومی علی نے بتایا کہ وہ امریکی شہر میامی میں اپنی والدہ کے ساتھ رہائش پذیر تھیں جبکہ ان کے والد کراچی میں مقیم تھے۔
اداکارہ کے مطابق انہوں نے 1991 میں سلمان خان کی فلم میں نے پیار کیا دیکھی اور دل میں آیا کہ ان سے شادی کرنی ہے۔ اس وقت ان کی عمر صرف 16 سال تھی –
سومی علی نے انٹرویو میں بتایا کہ جب وہ 14 برس کی تھیں تو میامی میں ان کا ریپ ہوا تھا اور امریکہ میں رہتے ہوئے وہ ایک نفسیاتی جنگ کا شکار تھی، اس لیے انہیں لگتا تھا کہ اگر ان کی سلمان خان سے شادی ہوگئی تو انہیں تحفظ مل جائے گا اسی مقصد کیلئے انہوں نے اپنے والد اور والدہ کو طرح طرح کے جھوٹ بول کر منایا اور ممبئی آگئیں۔
سومی علی نے کہا کہ انہوں نے جن فلموں میں کام کیا ہے وہ دیکھی جائیں تو اندازہ ہوجاتا ہے کہ وہ کتنی بڑی اداکارہ تھیں انہیں اداکاری کا کوئی شوق نہیں تھا ان کا ذہن صرف سلمان خان سے شادی کرنا تھا۔
واضح رہے کہ کراچی میں پیدا ہونے والی سومی علی چھوٹی عمر میں ہی امریکہ منتقل ہوگئی تھیں جہاں سے وہ بھارت منتقل ہو گئیں اور بالی وڈ کی دس فلموں میں کام کیا بھارت میں قیام کے دوران ان کے سلمان خان کے ساتھ افئیر کے چرچے زبان زد عام رہے تھے تاہم ان کی شادی نہیں ہوسکی تھی۔
تاہم اپنے مختصر فلمی کریئر کے بعد سومی علی بھارت چھوڑ کر امریکہ واپس چلی گئی تھیں جہاں وہ فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہیں۔