اسلام آباد:پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ شیریں مزاری نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر اور دیگر اداروں کو خط لکھا ہے۔
شیریں مزاری نے رانا ثنا کیخلاف اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کو مراسلہ لکھ دیا
انہوں نے کہا کہ شیریں مزاری اس قانون کے حوالے سے پاکستانی عدالتوں، متحدہ علماء بورڈ یا اسلامی نظریاتی کونسل سے رابطہ کرسکتی تھیں۔
طاہر اشرفی نے کہا کہ شیریں مزاری کے عمل سے عالمی سطح پر پروپیگنڈا کرنے والوں کو تقویت ملے گی ، امید ہے پی ٹی آئی کی قیادت اس خط کو واپس لے گی۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور سابق وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے حکومت کے خلاف اقوامِ متحدہ کے مندوب کو خط لکھا ہے جبکہ یو این ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کو بھی خصوصی مراسلہ ارسال کیا ہے۔
شیریں مزاری نے اپنے خط میں کہا ہے کہ حکومت نے دہشت گردوں کے اتحادی مبینہ قاتل کو وزیر داخلہ مقرر کیا ہے جبک سانحہ ماڈل ٹاؤن کا ملزم ریاستی سطح پر سیاسی مخالفین کے خلاف توہین مذہب کارڈ استعمال کر رہا ہے۔
انہوں نے اپنے خط میں لکھا پاکستان اقوام متحدہ کا ایک ذمہ دار رکن، عالمی معاہدوں اور قانون کی پابند ریاست ہے، امریکی سازش کے نتیجے میں مقامی میرجعفروں کی حکومت عوامی تائید سے مکمل محروم ہے، امپورٹڈ حکومت فاشسٹ اقدامات سے اقتدار کا دوام چاہتی ہے۔
سابق وزیر برائے انسانی حقوق نے اپنے خط کے متن میں کہا ہے کہ حکومت نے دہشت گردوں کے اتحادی ایک مبینہ قاتل کو داخلی امن کا نگراں وزیر مقرر کیا ہے جو ریاستی سطح پر سیاسی مخالفین کیخلاف توہین مذہب کارڈ استعمال کررہا ہے، میڈیا پر بھرپور بندشوں کے بعدمخصوص صحافیوں کو چن چن کر نشانہ بنانے کا سلسلہ بھی جاری ہے