سٹیج کے معروف اداکار طاہر انجم نے اپنے حالیہ انٹرویو میںکہا ہے کہ تھیٹر بند ہونے سے جینوئن فنکار بہت خوش ہے کیونکہ وہ چاہتا ہے کہ سٹیج سے گندگی ختم ہو. انہوں نے کہا کہ اصل فنکار بیس سال سے رل رہا ہے ، اسکو سٹیج ڈراموں میں ایک کونے میںلگا دیا جاتا ہے معمولی سا معاوضہ دیا جاتا ہے جس کو وہ اس لئے لینے پر مجبور ہوتے ہیں کیونکہ اداکاری کے علاوہ انہوں نے کبھی کوئی دوسرا کام کیا ہی نہیں ہے. انہوں نے مزید کہا کہ جو مافیاز ہیں ان کو بہت تکلیف ہو رہی ہے کیونکہ سٹیج کی آڑ میں وہ جو دھندے کررہے تھے وہ بند ہو گئے ہیں.
انہوں نے کہا کہ ”بدمعاشی کا عالم ہے کہ مافیاز جن خواتین کو لیکر آتے ہیں ان کو بھاری معاوضہ دیا جاتا ہے” وہ خواتین فنکارائیں ہیں بھی نہیں لیکن فنکار بن کر سٹیج پر کام کررہی ہیں. ہم اس سارے سلسلے سے بہت تنگ تھے ، ہم خوش ہیں کہ عامر میر ، سید محسن نقوی نے نگران میں حکومت میںہوتے ہوئے تھیٹر پر توجہ دی ہے. ہم ان کے ہر اقدام سے خوش ہیں. انہوں نے کہا کہ مجھے اصل فنکاروں کے میسجز موصول ہوتے ہیں اور وہ کہتے ہیں کہ ہمارا نام نہ لیجیے گا ہم حکومت کے ساتھ ہیں حکومت بہت اچھا کررہی ہے.