بلجئیم :تائیوان چین تنازعہ : یورپ تائیوان کی حمایت میں متحد،چین پرسخت تنقید،اطلاعات کے مطابق یورپی ملکوں نے جمہوریہ چیک کی سینٹ کے سربراہ کے خلاف جوابی اقدامات کی چین کی دھمکی پر نکتہ چینی کی ہے۔ چیک سینٹ کے سربراہ نے تائیوان کے دورے میں جزیرے کے لئے حمایت کا اظہار کیا تھا۔
چیک کی سینٹ کے سربراہ مِیلوس ویسٹریسِل، جمعہ کے روز ختم ہونے والے دورہ تائیوان میں اپنے ملکی وفد کی قیادت کر رہے تھے۔ انہوں نے اس دورے میں تائیوانی صدر تسائی اِنگ وین سے ملاقات کی اور پارلیمان سے خطاب کیا۔
چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کا کہنا ہے کہ ویسٹریسِل اور چیک وفد کو اس دورے کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ بیجنگ کا دعوی ہے کہ جمہوری طرز حکومت کا حامل تائیوان ’’ون چائنہ‘‘ اصول کے تحت اس کی مملکت میں شامل ہے۔
جرمنی کے وزیر خارجہ ہئیکو مآس نے یورپ کے دورے پر آئے ہوئے چینی وزیر خارجہ کے ہمراہ منگل کے روز ایک مشترکہ نیوزکانفرنس میں اس دورے کا حوالہ دیا تھا۔
جناب مآس نے کہا تھا کہ یورپی ممالک اپنے بین الاقوامی حلیفوں کی تعظیم کرتے ہیں اور جواباً ان سے بھی یہی توقع رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس میں دھمکیوں کی کوئی جگہ نہیں۔








