تعلیم کے رسمی اور فاصلاتی طریقوں میں سرمایہ کاری کی جائے،صدر عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیرصدارت علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ، اسلام آباد کے حوالے سے اجلاس منعقد کیا گیا.

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ جامعات میں زیرِ تعلیم طلباء کی تعداد بڑھانے کیلئے فاصلاتی تعلیم کے معیار اور پہنچ کو مزید بڑھانے ، مخلوط تعلیمی طریقہ کار کے فروغ کی ضرورت ہے ،طلباء کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تعلیم اور ہنر فراہم کرنے سے ان کی جلد ملازمت یقینی بنانے اورپیشہ ورانہ ترقی میں مدد ملے گی،صدر مملکت نے تعلیم کے رسمی اور فاصلاتی طریقوں میں سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت پر زور دیا.

صدر مملکت نے کہا کہ سرکاری اور نجی شعبوں کے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد فاصلاتی اور ہائبرڈ طریقوں کو پرائمری اور مڈل سکول کی سطح تک بڑھایا جا سکتا ہے، فاصلاتی اور ہائبرڈ ذریعہ تعلیم سے سکول سے باہر بچوں کو تعلیم دینے میں مدد ملے گی، مساجد کو فجر سے ظہر تک مفت تعلیم کی فراہمی کیلئے اسکولوں کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے ،وزارت تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت سرکاری اور نجی شعبوں سے تعلق رکھنے والے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر لانے میں قائدانہ کردار ادا کرے .

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اپنی خدمات کو پاکستان اور دنیا بھر میں مارکیٹ کرنے کیلئے اپنا مارکیٹنگ اور تعلقات عامہ کا شعبہ قائم کرے،صدر مملکت نے ایچ ای سی اور کورسیرا کے ڈیجیٹل لرننگ اینڈ سکلز منصوبے کے تحت دستیاب 24,000 لائسنسوں کو اجاگر کرنے کی ضرورت پر بھی زوردیا.

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے عوام کو فاصلاتی اور ورچوئل تعلیم کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تیار ہے ،افغان طلباء ٹیلی ویژن نیٹ ورک کے ذریعے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے تعلیمی مواد کو استعمال کر سکتے ہیں.

Comments are closed.