طلحہ محمود فاؤنڈیشن کی جانب سے مستحق خاندانوں میں جہیز پیکج کی تقسیم

محمد طلحہ محمود فاؤنڈیشن کی جانب سے ضلع ہری پور میں انقلابی پروگرام مستحق خاندانوں میں جہیز پیکج کی تقسیم کی گئی،سینیٹر محمد طلحہ محمود ( چیئرمین محمد طلحہ محمود فاؤنڈیشن) نے پروگرام میں شرکت کی اور مستحق خاندانوں میں جہیز پیکج تقسیم کیا

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ دکھی انسانیت کی بلا امتیاز خدمت افضل ترین عبادت ہے۔ حدیث کا مفہوم ہے کہ ساری مخلوق اللہ کا کنبہ ہے، اللہ تعالیٰ کے نزدیک تمام مخلوق میں سب سے زیادہ محبوب و پسندیدہ وہ ہے جو اس کے کنبے کے ساتھ نیکی کرے۔ہمیں اپنے معاشرے میں کمزور طبقات کو سہارا دینے کی ضرورت ہے ایک ایسے وقت میں جب کہ ہر طرف مہنگائی اور بے روزگاری کا طوفان ہے غریب، بے سہارا لوگوں کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے،ہونا تو یہ چاہیئے تھا کہ ہماری حکومتیں اس جانب متوجہ ہوتیں اور ان طبقات کے دکھوں کا مداوا کرتیں مگرافسوس کہ ان کی جانب سے کوئی اقدام نہیں ہورہے۔

ایسی حالت میں محمد طلحہ محمود فاؤنڈیشن اپنے وسائل سے اندرون ملک ہی نہیں بلکہ بیرون ممالک میں بھی دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہے،ضلع ہریپور کی تحصیل خانپورکیلئے خصوصی طور پر جہیز پیکج کا اعلان کیا گیا ہے، جس سے مستحق خاندان مستفید ہونگے اور ہماری خواہش ہے کہ اس طرح کے مزید پروگرام بھی اس ضلع میں منعقد کئے جائیں،

اس موقع پرانکا مزید کہنا تھا کہ ضلع ہری پورکو قدرت نےہر نعمت سے نوازا ہے ، ہری پور کی مسماندگی کو ختم کرنے کیلئے محمد طلحہ محمود فاؤنڈیشن مختلف شعبوں میں کام کررہی ہے،تعلیم کا میدان ہو یا صحت کا شعبہ ہم اس علاقے کی خوشحالی کیلئے فکرمند ہیں اور ہماری فاؤنڈیشن کے مسلسل پروگرام جاری ہیں۔ یتیم اور بے سہارا خاندانوں کیلئے جہیز کی تیاری بھی ایک کٹھن مرحلہ ہوتا ہے اس سلسلہ میں محمد طلحہ محمود فاؤنڈیشن نے خصوصی پیکج تقسیم کرکے ان خاندانوں کی مشکلات میں کمی کی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ آئندہ بھی ایسے انقلابی پروگرام لاکر آپ کے علاقہ کی ترقی میں اپناکردار ادا کرتے رہیں ۔ سینیٹر محمد طلحہ محمود نے مستحق خاندانوں میں نقد رقم بھی تقسیم کی۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا، پروگرام سے علاقہ کی معزز شخصیات مولانا مطیع الرحمن قاسمی، ممبر تحصیل کونسل سفیر اعوان،ملک طارق ، چیئرمین ارشاد ،چوہدری پرویز ناظم وی سی کیلگ ، محمد مسکین ، عظمت خان نائب ناظم وی سی میرپورنے بھی خطاب کیا ،مقررین نے سینیٹر محمد طلحہ محمود کی ہزارہ بھر میں خدمات کو سراہا اور ضلع ہری پور میں محمد طلحہ محمود فاؤنڈیشن کے پروگراموں پر اطمینان کا اظہار کیا اور ان کو علاقہ کی ترقی اور خوشحالی کا زریعہ قرار دیا ،اہلیان علاقہ نے سینیٹر محمد طلحہ محمود کا پروگرام میں شرکت اور جہیز پیکج کی تقسیم پر شکریہ ادا کیا۔۔۔

Comments are closed.