میر پور ماتھیلو (باغی ٹی وی نامہ نگار مشتاق علی لغاری)ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کی قیادت میں جرائم کی روک تھام کے لیے گھوٹکی پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کر لی۔ حساس ادارے کی نشاندہی پر تھانہ اوباڑو پولیس نے نیشنل ہائی وے پر رینی کینال پل کے قریب کامیاب کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی ایرانی تیل سے بھرا ٹینکر قبضے میں لے لیا اور دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پنجاب سے سندھ آنے والے آئل ٹینکر نمبر 3145 MNS کو تحویل میں لیا گیا، جس میں 5000 لیٹر اسمگل شدہ ایرانی تیل موجود تھا۔ اس غیر قانونی تیل کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جا رہی ہے، جسے مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جانا تھا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت غازی خان ولد حاجی خان سرکی (سکنہ سنجرپور، تحصیل صادق آباد، ضلع رحیم یار خان) اور صُفیان ولد محمد یاسین آرائیں (سکنہ صادق آباد، ضلع رحیم یار خان) کے طور پر ہوئی ہے۔ ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 97/2025 بجرم دفعہ 279، 285، 286 ت پ درج کر لیا گیا ہے۔
ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو نے کامیاب کارروائی پر پولیس پارٹی کو شاباش دی اور تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا۔ پولیس کی اس کارروائی کو علاقے میں اسمگلنگ کے خلاف اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔