باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق آپ نیوز اسلام آباد کے بیورو چیف صدیق ساجد اور متاثرہ ملازمین نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات لیفٹیننٹ جنرل ر عاصم سلیم باجوہ کو خط لکھا ہے
آپ نیوز کے ملازمین کی جانب سے خط میں کہا گیا ہے کہ گیارہ اپریل 2020 کو اچانک بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض نے آپ نیوز بند کردیا اور ساتھ ہی ایک ای میل کے ذریعے تقریبا ایک ہزار سٹاف کو فارغ کردیا لیکن یقین دلایا کہ ان کے نہ صرف تمام واجبات ادا ہونگے بلکہ مئی تا جولائی نصف تںخواہ بھی دی جائے گی
خط میں کہا گیا ہے کہ آج دو ماہ سے زائد کا عرصہ ہوگیا ہے مارچ کی تںخواہ بھی صرف نصف سٹاف کو ادا کی گئی باقی پانچ سو ملازمین در بدر ہیں بار بار انتظامیہ سے ادائیگی کا مطالبہ کیا گیا مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔
ملازمین نے معاون خصوصی برائے نشریات عاصم سلیم باجوہ سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ آپ نیوز کے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے ملک ریاض سے کہا جائے اور سینکڑوں ملازمین کے گھروں کے چولہوں کو بجھنے سے بچائیں۔۔
واضح رہے کہ لاہور میں بھی آپ نیوز کے ملازمین نے چند روز قبل دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا تھامظاہرہ میں لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، سیکرٹری بابرڈوگر،ممبر گورننگ باڈی عمران شیخ، حسن تیمورجکھڑ، پی ایف یوجے کے جنرل سیکرٹری رانامحمد عظیم ، پی یوجے کے صدر قمرالزمان بھٹی ، جنرل سیکرٹری خواجہ آفتاب سمیت آپ نیوزکے کارکنوں اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر صحافی تنظیموں اور کارکنوں نے ملک ریاض کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور دفتر کے سامنے دھرنادیا۔ پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج ہم صحافی کارکنوں کا حق لینے کے لئے اکھٹے ہوئے ہیں اور ہم ذمہ داران سے حق وصول کئے بغیر یہاں سے نہیں جائیں گے ۔