پرویز رشید جیسے کہنہ مشق سیاستدان مریم کی ٹیم کا حصہ،پنجاب ترقی کوئی نہیں روک سکتا
پرانا دور گیا،قوم باشعور ہوچکی ،اب وہی سیاسی اکھاڑے کا ہیرو بنے گا جو ڈیلیور کرے گا
اسحاق ڈار کے ترقی کرتی معیشت پر بیان سے قوم کو حوصلہ ملا،مستحکم پاکستان زیادہ دور نہیں
تجزیہ،شہزاد قریشی
وطن عزیز کا کوئی بھی صوبہ ایسا نہیں جو وسائل سے مالا مال نہ ہو ،میاں محمد نوازشریف کی قیادت میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے اپنی حکومت اور وسائل کا رخ خلق خدا کی طرف موڑ دیا ہے ،عام لوگوں کے مسائل انکی دہلیز پر حل ہو رہے ہیں، پنجاب میں تعمیراتی کام شروع ہو چکے ہیں ،مگر یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ اپوزیشن جماعتوں اور حکومت میں شامل بعض سیاسی قوتوں کی طرف سے مسلم لیگ ن کو تنقید کا نشانہ کیوں بنایا جا رہا ہے؟ کیا مسلم لیگ ن کو تعمیری کام چھوڑ کر توجہ سیاسی تماشوں پر دینی چاہیے؟ یاد رکھیے! آج قوم اور بالخصوص نوجوان طبقہ صرف اس بات پر متحد اور متفق ہےکہ اب وہی ان کا قائد ہوگا جو تعمیر وطن کا جذبہ رکھتاہوگا، جو اس گلشن کی ترقی کا علمبردار ہوگا عوام کا ہمدرد، مخلص اور باکردار ہوگا کون کس سیاسی یا مذہبی جماعت سے تعلق رکھتا ہے، آج کے نوجوان کو اس سے کوئی غرض نہیں، اب جذبوں ،کردار، اخلاق اور حب الوطنی کو میزان اور کسوٹی بنایا جائے گا، ستھراپنجاب سمیت دیگر عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں سے مسلم لیگ ن مضبوط اور اسکی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے، مقبولیت کا سبب میاں محمد نوازشریف اور مریم نواز کا جذبہ حب الوطنی ہے اور اس کے ساتھ پنجاب میں درویش صفت سینیٹر پرویز رشید اور دیگر کہنہ مشق سیاستدان شامل ہیں جن کی محنت اور لگن سے مسلم لیگ ن بحرانوں سے باہر نکلی ہے، آمدہ قومی انتخابات اور سیاسی بحرانوں کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنی پوزیشن مستحکم کر رہی ہے ،مسلم لیگ ن کی توجہ کا مرکز عوامی مسائل کا حل اور معیشت کی طرف ہے، مستحکم معیشت کے حوالے سے نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار کا بیان سامنے آیا ہے انہوں نے کہا کہ دفاعی لحاظ سے پاکستان ایٹمی طاقت کا حامل ملک ہے اب معاشی طاقت کی کمی ہے جس کو پورا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ، 2017ء میں ملکی معیشت مستحکم تھی کوشش ہے، ملکی معیشت مستحکم ہو ،سینیٹر اسحاق ڈار کے اس بیان کو درست قرار دیا جا سکتا ہے، جب بھی مسلم لیگ ن کو اقتدار ملا تعمیر وطن میں اہم کردار ادا کیا.

Shares: