متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ تاریخ کی سب سے ناکام سندھ حکومت ہمیں ملی ہے۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک بہت بڑی تباہی کی طرف جا رہے ہیں، آپ کی چوری پکڑیں تو کہتے ہیں کام نہیں کرنے دیتے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ بلاول بھٹو نے الزام لگایا ہم کام نہیں کرنے دے رہے، بلاول بھٹو بتائیں اندرون سندھ نے کون سے کام کیے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ 1998 کی مردم شماری پر سندھ بھر میں بلدیاتی الیکشن کروائے جائیں، سندھ کی شہری آبادیوں کو آدھے سے بھی کم دکھایا گیا، مردم شماری کی سب سے بڑی بینفشری پیپلزپارٹی رہی ہے، سندھ کے شہری علاقوں کی مردم شماری میں ڈنڈی نہیں ڈنڈا مارا گیا ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سندھ حکومت نے بلدیاتی الیکشن کروانے سے معذرت کرلی ہے، 2017 کی مردم شماری میں ناانصافی اور دھوکا کیا گیا، ماضی میں ہونے والی واردات کی وجہ سے عدالتوں میں گئے۔
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخاب کی مدت ختم ہونے کے بعد عبوری میئر لایا جاتا ہے، بلدیاتی الیکشن مدت ختم ہونے بعد 90 روز میں کروائے جاتے ہیں۔