ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی) تھانہ صدر تونسہ کی حدود میں سپر بند 2 کے مقام پر دوران گشت پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کی اطلاع پر ناکہ بندی کی۔ اسی دوران پانچ مسلح ملزمان دریا کی جانب سے آتے ہوئے سپر بند 2 کی طرف بڑھے اور پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ پولیس نے حفاظت خود اختیاری کے تحت پوزیشن سنبھالتے ہوئے جوابی فائرنگ کی۔ تقریباً 15 سے 16 منٹ تک جاری رہنے والے فائرنگ کے تبادلے میں تین خطرناک ڈاکو ہلاک ہو گئے۔

ہلاک ملزمان کی شناخت رحمت اللہ عرف رانجھا سنجرانی، فہد عرف فہدی اور آصف عرف حاجی سنجرانی کے ناموں سے ہوئی ہے۔ یہ تینوں تھانہ صدر تونسہ کی حدود میں اے ایس آئی غلام شبیر اور کانسٹیبل غلام فرید کو شہید کرنے میں ملوث تھے۔

دو ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موٹرسائیکل پر فرار ہو گئے۔ پولیس موبائل پر بھی فائرنگ کے نشانات ملے تاہم خوش قسمتی سے کوئی پولیس اہلکار زخمی نہیں ہوا۔ علاقے میں مزید سرچ آپریشن اور قانونی کارروائی جاری ہے۔

ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی نے کہا کہ اے ایس آئی غلام شبیر اور کانسٹیبل غلام فرید نے امن و امان کے قیام کے لیے مثالی خدمات انجام دیں اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھے گی۔

Shares: