کراچی:کراچی اور کوئٹہ کے درمیان میچ میں ٹیکنالوجی نے دھوکا دے دیا،اطلاعات کےمطابق پی ایس ایل میں کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ میں ٹیکنالوجی نے دھوکا دے دیا۔

باغی ٹی وی کے مطابق ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی کراچی کنگز کا اسکور 30 رںز پر پہنچا تو نسیم شاہ کی گیند پر وکٹ کیپر کپتان سرفراز احمد کے ہاتھوں بابراعظم کے کیچ آؤٹ ہونے کی اپیل امپائر نے مسترد کردی جس پر ریویو کا سہارا لیا گیا تاہم تکنیکی طور پر گیند کے بیٹ سے لگنے کی نشاندہی نہیں ہوسکی جس کے بعد ٹی وی امپائر نے اپنا فیصلہ دیتے ہوئے 25 رنز پر بیٹنگ کرنے والے بابر اعظم کے خلاف وکٹوں کے پیچھے آؤٹ ہونے کی اپیل مسترد کردی۔

اس موقع پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے احتجاج کرتے ہوئے امپائر سے بحث بھی کی۔ بعد ازاں پی سی بی نے موقف اختیار کیا کہ ہاک سسٹم میں خرابی کی وجہ سے اپیل کا فیصلہ نہیں ہوسکا جب کہ اس تکنیکی نقص کا فائدہ دیتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا ریویو برقرار رکھا گیا۔ بابر اعظم اس موقع کا فائدہ نہ اٹھا سکے اور اپنے ذاتی اسکور میں محض 3 رنز کا اضافہ کرکے اگلے اوور میں ٹیمل ملز کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

میچ ریفری روشن ماہانامہ نے وضاحت کی ہے کہ الٹرا ایج ٹیکنالوجی کی عدم دستیابی کے باعث کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کراچی کنگز کے بابراعظم کے خلاف لیا گیا ریویو برقرار رہا تھا۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے چھٹے میچ کے دوران کوئٹہ گلیڈی ا یٹرز نے ابتدائی طور پر کراچی کنگز کے اوپنر بابراعظم کوناٹ آؤٹ قرار دینے سے متعلق امپائر کے فیصلے کے خلاف ریویو لیا تھا۔

میچ ریفری روشن ماہانامہ کا کہنا ہے کہ ٹی وی امپائر کو آن فیلڈ امپائر کا فیصلہ بدلنے کے لیے ٹھوس شواہد کی ضرورت ہوتی ہے۔ ڈی آر ایس ٹیکنالوجی بھی امپائر کی جانب سے واضح غلطی کے تدارک کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا اس موقع پر الٹر ایج ٹیکنالوجی دستیاب نہیں تھی، لہٰذا پلیئنگ کنڈیشنزنمبر3.3.7 کے تحت تھرڈ امپائر نے آن فیلڈ امپائر کو تکنیکی خرابی کے بارے میں آگاہ کیا اور تمام دستیاب وسائل کے بعد ہر ممکن درست معلومات بھی فراہم کی، جس کی بنیادپر آن فیلڈامپائر نے اپنے ابتدائی فیصلے کو برقرار رکھا۔

روشن ماہانامہ نے کہاکہ پلیئنگ کنڈیشنز نمبر 3.6.8 کے تحت انہوں نے اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے تکنیکی خرابی کے باعث کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا ریویو برقرار رکھا۔

Shares: