تہران میں پر اسرار دھماکہ

0
31

تہران میں پر اسرار دھماکہ

باغی ٹی وی :عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق تہران میں ایک پر اسرار دھماکہ ہو اہے جس کو ایرانی حکام کی جانب سے معمول کے مطابق گیس پائپ لائن کا دھماکہ قرار دیا گیا ہے. اگرچہ تہران کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ ایرانی دارالحکومت کی آبادی کو محسوس ہونے والا پراسرار دھماکا کسی عسکری ٹھکانے میں نہیں بلکہ بارشین میں گیس کی ایک تنصیب میں ہوا تاہم اس مقام کی حساسیت کی بنا پر عجیب نوعیت کے اس حادثے کے حوالے سے شکوک و شبہات ابھی تک باقی ہیں۔

امریکی خفیہ اور مغربی سیکورٹی ادارے ماضی میں اس مقام کو مشتبہ قرار دے چکے ہیں۔ ان کے نزدیک ایرانی حکام ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے یہاں پر جوہری دھماکوں سے متعلق تجربات کر رہے ہیں۔

عرب میڈیا اور العربیہ نے رپورٹ کرتے ہوئے بتایا کہ سابقہ رپورٹوں میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ بارشین میں تحقیقی سرگرمیوں کے علاوہ گولہ بارود، میزائل اور دھماکا خیز مواد و آلات کی تیاری سے متعلق کارروائیاں انجام دی جاتی ہیں۔ حالیہ عرصے میں امریکی اخبارات میں یہ بھی کہا گیا کہ بارشین کے اطراف مشتبہ سرگرمیاں دیکھی گئیں۔ تاہم ایٹمی توانائی کی ایرانی ایجنسی کے ترجمان نے گذشتہ ماہ (مئی) میں واضح کر دیا کہ یہ ایک سڑک کی مرمت کا کام تھا جو پانی میں ڈوب گئی تھی۔

البتہ ایران کی جانب سے ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے معائنہ کاروں کو اس مقام کا دورہ کرنے کی اجازت دینے سے مسلسل انکار نے یہاں کی سرگرمیوں کے حوالے سے بہت سے سوالات کو جنم دیا ہے۔ ایرانی حکام یہ حیلہ پیش کرتے ہیں کہ آئی اے ای اے 2005 میں اس مقام کا معائنہ کر چکی ہے اور اس کا کوئی نتیجہ سامنے نہیں آیا تھا۔

Leave a reply