راولپنڈی: ایران کی سرحدوں سے پاکستان کےخلاف دہشت گردی:دہشتگردوں کا حملہ، پاک فوج کا سپاہی شہید،اطلاعات کے مطابق ایران کے اندر سے پاکستانی سرحدی علاقوں میں دہشت گردی کے واقعات جاری ہیں اورتازہ واقعہ میں ایران کی سرحد سے دہشتگردوں نے حملہ کر کے پاک فوج کے سپاہی کو شہید کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق دہشتگردوں نے ایرانی علاقے سے فرنٹیئر کور (ایف سی) چوکی پر حملہ کیا، حملہ بلوچستان کے جنرل ایریا چوکب میں کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے چھوٹے ہتھیاروں سے چوکی پر حملہ کیا، فائرنگ سے پاک فوج کا سپاہی مقبول شاہ شہید ہو گیا جبکہ ایک جوان زخمی بھی ہوا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ایران کے متعلقہ حکام کو واقعہ کے حوالے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
یاد رہےکہ چند دن پہلے انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے دیگر قانون نافذ کرنے والے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر بلوچستان کے ضلع کیچ میں انٹیلی جنس بیس آپریشن کرتے ہوئے 3 ایسے ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، جو گزشتہ ماہ گوادر میں ہونے والے خود کش حملے میں ملوث ہیں۔
ان ملزمان کو ایران کے شہرشیران سے ایک ایرانی دہشت گرد سرغنہ رسول بنگش گوادراورگردونواح کے علاقوں میں دہشت گردی کےلیے استعمال کررہا تھا
یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ چہ بہار کے علاقے شیران میں ایران کے حساس علاقے سے رسول بنگش بڑے عرصے سے بلوچستان میں دہشت گردی کارروائیاں کروا رہا ہے اوریہ ایرانی خفیہ ایجنسیوں کے علم میں لائے بغیرممکن نہیں ہوسکتا
ادھر کوئٹہ سے سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے تربت کے علاقے میں ایک گھر پر چھاپہ مارا اور شعیب نامی شخص کو گرفتار کیا، بعد ازاں شعیب کی فراہم کردہ معلومات پر سیکیورٹی اداروں نے ایک اور مقام پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا، یہاں سے سیکیورٹی اداروں نے متعدد ہتھیار اور دھماکا خیز مواد کے ساتھ دستی بم بھی برآمد کیے۔