مرکزی مسلم لیگ اتحاد و اتفاق کی سیاست پہ یقین رکھتی ہے۔صدر مرکزی مسلم لیگ
صحافیوں کے اعزاز میں افطارڈنر،مرکزی ترجمان تابش قیوم،محمد احسن تارڑ،محمد عبداللہ کی شرکت
پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ دہشت گردی پاکستان کے لئے ایک سنگین چیلنج بنا چکا،قیام امن کے لئے سیاستدانوں کا متحد نہ ہونا بھی لمحہ فکریہ ہے، ڈی آئی خان میں دہشت گردوں کیخلاف لڑ کر جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن حسنین اختر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، مرکزی مسلم لیگ اتحاد و اتفاق کی سیاست پہ یقین رکھتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں صحافیوں کے اعزاز میں افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان تابش قیوم،سیکرٹری جنرل مرکزی مسلم لیگ فیصل آباد محمد احسن تارڑ، ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری مرکزی مسلم لیگ پنجاب محمد عبداللہ بھی موجود تھے.خالد مسعود سندھو کاکہنا تھا کہ پاکستان ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہو چکا ہے لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ حکمران و اپوزیشن لاشیں اٹھانے کے بعد بھی اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ نہیں کر سکے۔ پاکستان کو دہشت گردی،معاشی گرداب سے نکالنے کے لیے اتحاد کی ضرورت ہے۔پاکستان میں قیام امن کے لئے صدر مملکت کو خط لکھا ہے جس میں تجاویز دی ہیں، تمام جماعتوں کو اپنےاختلافات کو ایک طرف رکھ کر پاکستان کے لئے سوچنا ہو گا.پاکستان میں ہونے والے تمام دہشتگرد ی کے واقعات میں بلواسطہ یا بلا واسطہ بھارت ملوث رہا ہے جس کے ثبوت بھی موجود ہیں،بھارت پاکستان میں افراتفری اور بدامنی دیکھنا چاہتا ہے۔
خالد مسعود سندھو کا مزید کہنا تھا کہ مرکزی مسلم لیگ عید کے بعدآئی ٹی پروگراموں آغاز کر رہی ہے، ہم نوجوانوں کو ہنر سکھائیں گے،نوجوان ہی پاکستان کا مستقبل ہیں۔ مرکزی مسلم لیگ عملی سیاست پہ یقین رکھتی ہے۔ ہمیں مل جل کر آگے بڑھنا ہو گا،مرکزی مسلم لیگ قائد اعظم کی مسلم لیگ ہے۔ مرکزی مسلم لیگ دنیا کے تمام مظلوم مسلمانوں کی آواز ہے۔
تابش قیوم کا کہنا تھا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی محافظ ہے ،ہم امن کی سیاست کو فروغ دے رہے ہیں ،ہماری سیاست خدمت انسانیت ہے۔ مرکزی مسلم لیگ پورے پاکستان کے عوام کی بلا تفریق خدمت کر رہی ہے،فیصل آباد میں صحافیوں کے لیے آئی ٹی کورسز کا جلد اعلان کریں گے ،صحافیوں کے ساتھ حکومت کا رویہ درست نہیں، پیکا ایکٹ آزادی صحافت پر ڈاکہ ہے،مرکزی مسلم لیگ صحافیوں کے حقوق کے لئے انکے ساتھ کھڑی ہے.