ڈی جی خان(باغی ٹی وی)تونسہ کے علاقہ وہوا میں جھنگی پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام، پولیس کا بھرپور جواب
تفصیل کے مطابق ڈی جی خان کے علاقے تھانہ وہوا کی حضرت عمر فاروق جھنگی پولیس چیک پوسٹ پر خوارج دہشتگردوں کا حملہ ایک بار پھر ناکام بنا دیا گیا۔ پنجاب پولیس کے بہادر جوانوں نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 15 سے 20 دہشتگردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مختلف اطراف سے چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔ حملے میں راکٹ لانچرز، ہینڈ گرینیڈ اور دیگر جدید اسلحہ استعمال کیا گیا، تاہم چوکی پر تعینات پولیس اہلکاروں نے مستعدی سے مقابلہ کرتے ہوئے دشمن کو بھاگنے پر مجبور کر دیا۔
آر پی او ڈی جی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے آپریشن کی قیادت کی جبکہ ڈی پی او سید علی بھی ہمراہ رہے۔ پنجاب پولیس کی جوابی کارروائی میں دہشتگردوں کے جانی نقصان کی اطلاعات ہیں، تاہم حتمی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ دہشتگردوں کے ممکنہ ٹھکانوں کا پتہ لگایا جا سکے۔
پنجاب پولیس کے مطابق گزشتہ سال یکم اور 2 مئی کی درمیانی شب بھی جھنگی چوکی پر حملے کی ناکام کوشش کی گئی تھی۔ گزشتہ دو سالوں میں پنجاب پولیس کی سرحدی چوکیوں پر خوارج دہشتگردوں کے 18 حملے ناکام بنائے جا چکے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر جھنگی چیک پوسٹ کو مزید محفوظ بنایا گیا ہے، جہاں اضافی نفری، جدید آلات اور اسلحہ فراہم کیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے حملے کو ناکام بنانے پر اہلکاروں کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس کے جوان ملک و قوم کے دشمنوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہیں۔
آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ پولیس چوکی پر تعینات تمام اہلکار محفوظ ہیں اور ان کا مورال بلند ہے۔ دشمن کی بزدلانہ کارروائیاں آئندہ بھی ناکام ہوں گی، کیونکہ پنجاب پولیس ہر قسم کی دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔