راولپنڈی :ہنگو میں فوجی پوسٹ پر دہشتگرد حملہ، پاک فوج کا جوان وطن پرقربان ،اطلاعات کے مطابق ہنگو میں سکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کا ایک جوان شہید ہو گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ہنگو کے علاقے تھل میں فوجی پوسٹ پر دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کی گئی، فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی وقاص شہید ہو گیا، شہید سپاہی وقاص کا تعلق مانسہرہ سے تھا۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
یاد رہےکہ اس سے پہلے بھی صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں قاضی پمپ کے قریب سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرکے کالعدم تنظیم کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائی دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کی گئی۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں کمانڈر اسلام، لائق اور خودکش حملہ آور محب اللہ شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد کلایہ بم دھماکے سمیت ملک بھر میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے