روہڑی: کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس روہڑی اسٹیشن پر حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں ٹرین کی ایک بوگی پٹری سے اتر گئی۔
ریلوے ذرائع کے مطابق حادثہ روہڑی اسٹیشن پر پیش آیا، جہاں ٹرین کی ایک بوگی پٹری سے اترنے کے بعد امدادی کارروائیاں فوری طور پر شروع کردی گئیں۔ حادثے کے نتیجے میں اپ ٹریک بلاک ہوگئی اور پٹری کو بھی نقصان پہنچا۔ریلوے حکام کے مطابق خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تاہم، مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور ٹریک کی بحالی کے لیے تیزی سے کام جاری ہے۔حادثے کے بعد ریلوے نظام متاثر ہوا، جس کے باعث کئی ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنز پر روکنا پڑا۔ ریلوے ذرائع کے مطابق،بہاؤالدین زکریا ایکسپریس کو بیگماجی اسٹیشن پر روک دیا گیا۔شاہ حسین ایکسپریس، گرین لائن ایکسپریس اور فرید ایکسپریس کو بھی مختلف اسٹیشنز پر روک دیا گیا۔
ریلوے حکام نے متاثرہ ٹریک کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کردیا ہے اور جلد از جلد ٹرین سروس کو بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
حادثے کے باعث ٹرینوں میں سوار مسافر مشکلات کا شکار ہوگئے۔ کئی مسافروں کو گھنٹوں انتظار کرنا پڑا، جبکہ دیگر متبادل سفری ذرائع کی تلاش میں نظر آئے۔ریلوے انتظامیہ نے مسافروں سے معذرت کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور جلد از جلد سفری سہولیات بحال کردی جائیں گی۔ریلوے حکام نے حادثے کی مکمل تحقیقات کا عندیہ دیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔ مزید برآں، ٹریک کی بحالی اور مسافروں کی سہولت کے لیے اضافی اقدامات کیے جارہے ہیں۔