باغی ٹی وی:ٹائمزآف انڈیا کے مطابق بھارت کی ریاست گجرات میں شادی کی تقریب اس وقت تنازع کا شکار ہو گئی جب کھانے کی کمی پر دلہا بارات واپس لے گیا۔ دلہن نے پولیس سے مدد لی تو تھانے میں ہی شادی کی باقی رسومات مکمل کرا دی گئیں۔
واقعہ سورت کے علاقے لکشمی نگر واڈی وراچھا میں پیش آیا، جہاں دلہا راہول پرمود مہانتو اور دلہن انجلی کماری کی شادی جاری تھی۔ تقریب میں موجود 100 باراتیوں کو کھانے میں کمی محسوس ہوئی، جس پر دلہا کے خاندان نے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے شادی چھوڑ دی اور دلہن کو ساتھ لے جانے سے انکار کر دیا۔
مایوس دلہن نے فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن پر رابطہ کیا، جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دلہا اور اس کے اہلخانہ کو تھانے طلب کیا۔ مذاکرات کے بعد دلہا نے شادی تو جاری رکھنے پر آمادگی ظاہر کی لیکن شادی ہال واپس جانے سے انکار کر دیا۔ اس صورتحال میں پولیس افسران نے جوڑے کی درخواست پر تھانے میں ہی جئے مالا اور وداعی کی رسومات مکمل کرائیں، خود باراتیوں کا کردار ادا کیا اور خوش اسلوبی سے معاملہ نمٹا دیا۔