عید الاضحیٰ کا تہوار جہاں قربانی، ایثار اور محبت کا پیغام لے کر آتا ہے، وہیں یہ صفائی و ستھرائی کے حوالے سے ایک بڑا چیلنج بھی بن جاتا ہے۔ لاکھوں جانوروں کی قربانی کے بعد آلائشوں کو بروقت اور مؤثر انداز میں ٹھکانے لگانا ایک ایسی ذمہ داری ہے جس سے عموماً کئی شہری ادارے نمٹنے میں ناکام رہتے ہیں۔ مگر سال 2025 میں، پنجاب حکومت اور خصوصاً وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کی ہدایات پر قائم کی گئی "صاف ستھرا پنجاب” ٹیم نے اپنی انتھک محنت اور عوامی خدمت کے جذبے سے ایک نئی تاریخ رقم کر دی۔

لاہور جیسے بڑے اور گنجان آباد شہر میں عید الاضحیٰ کے موقع پر آلائشوں کا ٹھکانے لگانا ہمیشہ سے ایک سنگین مسئلہ رہا ہے۔ لیکن اس بار "صاف ستھرا پنجاب” ٹیم نے اپنی جانفشانی سے نہ صرف بروقت آلائشیں اٹھائیں بلکہ گلی گلی، محلہ محلہ جا کر جراثیم کش اسپرے بھی کیا، جس سے نہ صرف بدبو سے نجات ملی بلکہ بیماریوں سے بھی بچاؤ ممکن ہوا۔یہی وجہ ہے کہ اس بار لاہور کی گلیاں، بازار، چوراہے اور پارکس عید کے ایام میں بھی صاف ستھرے، خوشبودار اور قابل دید رہے۔ لاہور کی عوام نے اس بات کا کھلے دل سے اعتراف کیا کہ "صاف ستھرا پنجاب” ٹیم نے اپنی عید کی خوشیاں ہمارے لیے قربان کر دیں۔

یہ صرف لاہور تک محدود نہیں تھا۔ پنجاب کے چھوٹے بڑے تمام شہروں میں صفائی کے غیرمعمولی انتظامات دیکھنے کو ملے۔ ملتان، فیصل آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، بہاولپور، سیالکوٹ، سرگودھا سمیت ہر علاقے میں "صاف ستھرا پنجاب” کی ٹیمیں دن رات متحرک رہیں۔ ہر کال پر فوری رسپانس، ہر گلی میں حاضری، اور ہر شکایت پر فوری ایکشن نے اس پروگرام کو عوام میں بے حد مقبول کر دیا۔

صفائی صرف حکومت یا اداروں کی ذمہ داری نہیں، بلکہ ہر شہری کی بھی اخلاقی اور مذہبی ذمہ داری ہے۔ "صاف ستھرا پنجاب” کی کامیابی اسی وقت دیرپا اور مؤثر ہو سکتی ہے جب عوام بھی اپنے رویوں میں تبدیلی لائیں۔ گندگی سڑک پر پھینکنے، نالیاں بند کرنے، اور کچرا عوامی مقامات پر ڈالنے کی عادت ترک کرنا ہوگی۔عوامی شعور کو فروغ دینے کے لیے ضروری ہے کہ میڈیا، تعلیمی ادارے، اور مقامی تنظیمیں صفائی کے موضوع پر مسلسل آگاہی مہمات چلائیں ، ضرورت اس امر کی ہے کہ کچرے کو ری سائیکلنگ اور واٹر ٹریٹمنٹ کے جدید طریقوں سے ٹھکانے لگایا جائے۔کچرا جلانے یا زمین میں دبانے کی بجائے ماحول دوست طریقے اپنائے جائیں۔شہری علاقوں کے قریب ڈمپنگ کا سلسلہ بند کیا جائے۔

"صاف ستھرا پنجاب” پروگرام اب صرف ایک صفائی مہم نہیں رہا بلکہ یہ ایک قابلِ تقلید ماڈل بن چکا ہے جس پر دیگر صوبوں کو بھی عمل کرنا چاہیے۔ اس کی کامیابی کا سہرا وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت، ٹیم کے اخلاص، اور عوام کے تعاون کو جاتا ہے۔ہم بحیثیتِ شہری دل کی گہرائیوں سے "صاف ستھرا پنجاب” ٹیم، حکومتِ پنجاب اور وزیراعلیٰ محترمہ مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے ہمیں ایک صاف، ستھرا اور صحت مند عید کا تحفہ دیا۔

Shares: