ٹھٹھه :انتخابات 2024ء کے حوالے سے ضابطہ اخلاق کے متعلق اہم اجلاس

ٹھٹھہ،باغی ٹی وی (بلاول سموں) ڈسٹرکٹ رٹرننگ افسر و ڈپٹی کمشنر اسد علی خان کی زیر صدارت الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ عام انتخابات 2024ء کے حوالے سے ضابطہ اخلاق کے متعلق دربار ہال مکلی میں ایک اہم اجلاس منعقدہ ہوا، جس میں ایس ایس پی آفتاب احمد نظامانی، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد عمران آرائیں اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر سجاد انصاری سمیت قومی و صوبائی نشستوں کے امیدواران اور ان کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ رٹرننگ افسر و ڈپٹی کمشنر اسد علی خان نے کہا کہ عام انتخابات 2024ء میں حصہ لینے والے امیدوار اور پارٹیاں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عملدرامد کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے تمام امیدوار برابر ہیں، سب کیلئے فری ماحول پیدا کرنا ہے، اگر کسی بھی امیدوار کو شکایت ہے تو وہ تحریری طور پر آگاہ کرے، ثابت ہونے پر کارروائی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، کسی کو بھی امن و امان خراب کرنے کی اجازت ہر گز نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹھٹھہ پرامن ضلع ہے، تمام امیدواران کو الیکشن کے دن اور ایک دن بعد امن و امان برقرار رکھنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندے اور سرکاری ملازمین انتخابی مہم کا حصہ بننے سے گریز کریں بصورت دیگر ثبوت ملنے پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس موقع پر امیدواران کی جانب سے مختلف شکایات کی گئیں جس پر انہوں نے متعلقہ افسران کو کارروائی کے احکامات بھی دیئے۔ بعد اس موقع پر ایس ایس پی آفتاب احمد نظامانی نے کہا کہ صاف، شفاف اور پر امن انتخابات کے انعقاد کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے اور اس ضمن میں ایک مؤثر کانٹیجنسی پلان بھی تشکیل دیا گیا ہے۔

بعد ازاں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر سجاد انصاری نے شرکاء کو بریفنگ میں عام انتخابات کے ضابطہ اخلاق کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انتخابی مہم کے دوران گاڑیوں اور کار ریلیوں پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ عوامی جلسوں اور جلوسوں میں اور پولنگ والے دن کسی قسم کے ہتھیار اور آتشی اسلحہ کو لے جانے یا ان کی نمائش پر بھی مکمل پابندی عائد ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ بل بورڈز، وال چاکنگ اور پینافلیکس پر مکمل پابندی عائد ہوگی جبکہ ضابطہ اخلاق کے تحت مقررہ سائز کے پوسٹرز، ہینڈ بل اور پمفلیٹس کی اجازت ہوگی جبکہ سرکاری عمارتوں پر کسی قسم کا انتخابی تشہری مواد لکھنے یا لگانے پر پابندی ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ سیاسی جماعتیں اور امیدواران اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں ریلیاں اور جلسے و جلوس نکالنے سے قبل متعلقہ ڈی آر او اور آر اوز کو اطلاع کرنے کے پابند ہوں گے جبکہ ایسی جگہوں پر عوامی جلسے اور اجتماعات منعقد کریں گے اور ایسا راستہ اختیار کریں گے جو اس مقصد کیلئے مختص کیا گیا ہو علاوہ ازیں الیکشن سے 48 گھنٹے پہلے ہر قسم کی انتخابی مہم بند ہوگی۔

Leave a reply