ٹھٹھہ : زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز سے سختی سے نمٹاجائے ۔ ڈپٹی کمشنر غلام فاروق سومرو

ٹھٹھہ،باغی ٹی وی ( نامہ نگار راجہ قریشی)ٹھٹھہ ڈپٹی کمشنر غلام فاروق سومرو نے کہا ہے کہ عید الفطر کے موقع پر لوگ اپنے والدین اور پیاروں کے پاس جاکر ایک ساتھ عید منانے کے لیے سفر کر رہے ہیں لیکن ایک رجحان ہے کہ ٹرانسپورٹرز اپنی سطح پر کرایہ بڑھا دیتے ہیں جس سے مسافروں پر اضافی بوجھ پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مسافروں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا اور ٹرانسپورٹرز کو بغیر کسی اتھارٹی کے کرایہ بڑھانے سے روکنا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر نے عید الفطر پر ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کرائے بڑھانے کے پیش نظر ایس ایس پی سمیت سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو کہا ہے کہ عید کی تعطیلات کے دوران حکومت کی طرف سے مقرر کردہ کرایوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے ضلع کے تمام ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کریں کہ وہ عید کے دوران زیادہ کرایہ وصول کرنے سے گریز کریں بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر غلام فاروق سومرو نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ ضلع کی تمام عید گاہوں میں صفائی ستھرائی اور سیکیورٹی کے ضروری انتظامات کو یقینی بنائیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے محکمہ پولیس، صحت، پبلک ہیلتھ، روینیو سمیت میونسپل و ٹاؤن ایڈمنسٹریٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ مرکزی عید گاہ مکلی سمیت ضلع بھی کی تمام عید گاہوں پر عید الفطر کی نماز کے دوران سیکیورٹی، صفائی ستھرائی سمیت دیگر تمام انتظامیات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کو ہدایت کی ہے کہ وہ ضلع ٹھٹھہ کی مرکزی عید گاہوں پر ایمبولینسز کی موجودگی کو یقینی بنائیں.

Leave a reply