ٹھٹھہ،باغی ٹی وی (ڈسٹرکٹ رپورٹربلاول سموں) پولیس کی بڑی کارروائی، گٹکا سپلائی ناکام، چار ملزمان گرفتار
ٹھٹھہ پولیس نے منشیات اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے ایک بڑی کارروائی میں چار گٹکا سپلائرز کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے کارروائی کے دوران 500 کلو گٹکا مٹیریل، 900 پیکٹ گٹکا ماوا اور دو سوزوکی پک اپس برآمد کرلیں۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن اور ڈی آئی جی حیدرآباد رینج طارق رزاق دہاریجو کی ہدایات پر ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد عمران خان کی نگرانی میں ٹھٹھہ پولیس منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کر رہی ہے۔ اسی تسلسل میں ایس ایچ او گاڑہو سب انسپکٹر منیر احمد ہیکڑو نے اپنی ٹیم کے ہمراہ دانداری لنک روڈ پر گشت کے دوران کامیاب کارروائی کی۔
پولیس نے گٹکا مٹیریل سپلائی کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے چار ملزمان مقصود ولد علی مراد لاکھو، ریاض احمد ولد جمن لاکھو، خادم حسین ولد علی محمد لاکھو اور فاروق ولد عبد الستار لاکھو کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے زیرِ استعمال دو سوزوکی پک اپس کو بھی قبضے میں لے لیا گیا۔
ملزمان کے خلاف تھانہ گاڑہو میں گٹکا ایکٹ کے تحت الگ الگ مقدمات درج کرلیے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ ٹھٹھہ کو جرائم سے پاک کیا جا سکے۔