ٹھٹھہ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں) صوبائی وزیر برائے ورکس سروسز و جیل خانہ جات حاجی علی حسن زرداری نے اپنے حلقے پی ایس 76 میرپور ساکرو اور کیٹی بندر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نئی تعمیر شدہ سڑکوں کے منصوبوں کا افتتاح کیا اور بعد ازاں بگھان کے گاؤں کرمی سموں میں ظہرانے کی تقریب میں شرکت کی۔

صوبائی وزیر نے لیٹ اسٹاپ ساکرو سے غلام اللہ تک مختلف دیہات کو ملانے والی 17 کلومیٹر طویل سڑک کے منصوبے کا افتتاح کیا، جو 30 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حاجی علی حسن زرداری نے کہا کہ سڑکیں، پانی، تعلیم اور صحت عوام کی بنیادی سہولیات ہیں، جنہیں فراہم کرنا میرا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے ٹھٹھہ کے عوام کے لیے کئی ترقیاتی منصوبے دیے ہیں، جن پر وہ قیادت کے شکر گزار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ عوام کے دکھ سکھ میں ہمیشہ شریک رہیں گے اور ٹھٹھہ نے ثابت کر دیا ہے کہ یہ پیپلز پارٹی کا مضبوط قلعہ ہے۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ عوام کے کام ان کا حق ہیں، کوئی احسان نہیں۔ سوشل میڈیا پر تنقید کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ جائز تنقید ہونی چاہیے مگر بغض پر مبنی تنقید قبول نہیں۔ اگر ان سے کسی کے ساتھ زیادتی ہوئی تو وہ خود کو ذمہ دار سمجھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کی ٹکٹ ایک امانت ہے، میراث نہیں۔ اگر قیادت نے دوبارہ ذمہ داری دی تو اسے احسن طریقے سے نبھائیں گے۔ ٹھٹھہ کو وہ اپنا گھر سمجھتے ہیں اور یہاں کے عوام کی خدمت گھر کے فرد کی طرح کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا کسی سے کوئی جھگڑا نہیں، وہ ٹھٹھہ کو فتح کرنے نہیں بلکہ خدمت کرنے آئے ہیں۔

بعد ازاں صوبائی وزیر نے بگھان کے گاؤں کرمی سموں میں ظہرانے کی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں ضلع ٹھٹھہ کے چیئرمین عبدالحمید پنہور، وائس چیئرمین ممتاز جلبانی، وڈیرے احمد سموں، ترجمان محسن ہاؤس شاہنواز لوہار، یو سی چیئرمین غلام نبی شیخ، پیر سکندر شاہ، ملک سلیم شورو، عوامی پریس کلب ٹھٹھہ کے صدر بلال سموں، جنرل سیکریٹری محمد عمر سرائی، سینئر صحافی اے بی شورو سمیت پیپلز پارٹی کے رہنماؤں، کارکنوں اور معزز شخصیات نے شرکت کی۔

Shares: