ٹھٹھہ: امن و امان کے قیام کے لیے ضلع بھر میں سنیپ چیکنگ کا سلسلہ جاری
ٹھٹھہ (باغی ٹی وی ،نامہ نگار بلاول سموں)ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد عمران خان کے احکامات کے تحت ٹھٹھہ پولیس کی جانب سے ضلع بھر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سنیپ چیکنگ کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ ضلع کے مختلف علاقوں میں موٹرسائیکلوں، رکشوں، مسافر وینوں، بسوں، اور دیگر گاڑیوں کو تفصیلی طور پر چیک کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ، چیکنگ کے دوران متعدد گاڑیوں سے ٹنٹڈ گلاسز اور فینسی نمبر پلیٹس بھی اتاری جا رہی ہیں۔
ضلع بھر میں ایس ڈی پی اوز اپنی حدود میں ایس ایچ اوز کے ہمراہ سنیپ چیکنگ کر رہے ہیں۔ پولیس کی جانب سے داخلی اور خارجی راستوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی مشکوک حرکت کو فوری طور پر روکا جا سکے۔ اس دوران بغیر نمبر پلیٹ کی موٹرسائیکلز کو تحویل میں لے کر ویریفیکیشن کا عمل جاری ہے۔
ٹھٹھہ پولیس کا کہنا ہے کہ اس چیکنگ کا بنیادی مقصد ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو بحال رکھنا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کو یقینی بنانا ہے۔ مشکوک افراد کی شناخت اور گاڑیوں کی ویریفیکیشن کے ذریعے ٹھٹھہ میں قانون کی عملداری کو مضبوط بنایا جا رہا ہے۔
سنیپ چیکنگ کی یہ مہم ضلع بھر میں جرائم کی روک تھام اور عوام کی حفاظت کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ پولیس کی جانب سے مسلسل نگرانی اور چیکنگ سے امن و امان کی صورتحال میں بہتری آ رہی ہے اور عوام کو تحفظ کا احساس دلایا جا رہا ہے۔