مری سانحہ کی ذمہ داروہاں کی انتظامیہ ہے:مونس الٰہی

0
38

مری : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وفاقی اور پنجاب حکومت کی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق مری سانحہ پر انتظامیہ پر برس پڑی۔

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ مری میں کیا اتنی برف پہلی دفعہ پڑی تھی؟ حکومت میں جو سیاحوں کو آج کے المناک سانحہ کا قصور وار ٹھہرا رہے ہیں وہ خدارا ہوش کریں-

 

 

انہوں نے لکھا کہ متاثرین کی امداد میں فوجی جوانوں، مقامی شہریوں اور ہوٹلوں کا کردار قابل تعریف ہے مگر انتظامیہ کی کارکردگی قابل مذمت ہے۔

ادھر آج شام پولیس کی طرف سے ایک دُکھ بھری خبرجاری کی گئی کہ مری میں جہاں سانحہ کی وجہ سے ایک طرف جنازے اُٹھ رہے ہیں وہاں دوسری طرف انتظامیہ اورحکام لوگوں سے یہ درخواستیں کررہے ہیں‌کہ خدارا ابھی نہ جائیں رش کم ہونے دیں مگرکوئی بات سُننے کے لیے تیار ہی نہیں‌

مری سے یہ مناظردیکھنے والوں کا کہنا ہے کہ بڑی عجیب بات ہے کہ حکومت پچھلے دو روز سے لوگوں کو احتیاط برتنے کا کہہ رہی تھی لیکن لوگوں نے پرواہ تک نہ کی اور اتنے بڑے سانحہ کا سامنا کرنا پڑا

دوسری طرف ابھی ابھی مری سے اسی حوالے سے تازہ ترین اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ حکام اب بھی سیرسپٹے کے شوقین افراد کو انتظار کرنے اور رش کم ہونے تک مری نہ جانے کی گزارشات پیش کررہے ہیں لیکن عوام الناس کو پرواہ تک نہیں اورپھرایسے آنکھیں بند کرکے آگے بڑھ رہے ہیں کہ شاید اس کے بعد دوبارہ موقع ہی نہ ملے

مری سے آمدہ اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ ہنگامی صورتحال کے باوجود منچلے مری جانے پر بضد، داخلی راستوں پر بڑی تعداد موجود ہیں،ملکی سیاحتی مقام مری میں برفانی طوفان اور ہلاکتوں کے باوجود منچلے مری جانے پر بضد ہیں۔

آگاہی اعلانات کے باوجود بڑی تعداد میں سیاح مری کے داخلی راستوں پر موجود ہیں جس کے باعث اسلام آباد سے مری جانے والے راستے پر شدید ٹریفک جام ہوگیا۔17 میل کے علاقے پر رینجرز نے راستہ بند کردیا جبکہ رینجرز اور انتظامیہ کی شہریوں سے واپس جانے اورتعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔

پاک فوج کے دستے عوام الناس کی خدمت میں مصروف ہیں اور سخت سردی میں محنت اورمحبت کے ساتھ خدمت کی وجہ سے ان کےپسینے چھوٹ رہے ہیں لیکن ان کو بس ایک ہی فکر ہے کہ ہمارے اہل وطن مشکلات اورنقصان سے محفوظ رہ سکیں ، انہیں مقاصد کے تحت مری کے تمام انٹری پوائنٹس پر سیاحوں کو روکنے کیلئے خصوصی پکٹس قائم کردی گئیں ہیں۔

اُدھر انتظامیہ نے اتوار کی رات تک گاڑیوں کے مری داخل ہونے پر پابندی لگا رکھی ہے جبکہ مری کو آفت زدہ بھی قرار دے دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ مری میں شدید برفباری اور سیاحوں کے رش کی وجہ سے صورتحال انتہائی خراب ہوگئی اور 20 سے زائد افراد کی گاڑیوں میں اموات کے بعد سیاحتی مقام کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا ہے۔

Leave a reply