کابل :افغان طالبان نے پولیو ویکسین کی گھر گھر مہم چلانے کا فیصلہ کرلیا ،اطلاعات کے مطابق عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور یونائیٹڈ نیشنز چلڈرنز فنڈ (یونیسیف) نے کہا ہے کہ طالبان کی حکومت نے پولیو ویکسین کی مہم چلانے پر اتفاق کر لیا اور اگلے ماہ افغانستان میں رضاکار گھر گھر جاکر پولیو مہم شروع کریں گے۔

ذرائع کے مطابق دونوں عالمی اداروں نے بیان میں کہا کہ ‘عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف کی جانب سے طالبان قیادت کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا جاتا ہے کہ افغانستان بھر میں گھر گھر جاکر پولیو کی ویکسین پلانے کے مہم بحال کرنے کے لیے تعاون کر رہے ہیں’۔

اقوام متحدہ کے اداروں کا کہنا تھا کہ افغانستان میں رواں برس پولیو کا صرف ایک کیس رپورٹ ہوا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پولیو کے خاتمے کے لیے ایک غیر معمولی موقع ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ‘ملک میں پولیو کے دوبارہ سر اٹھانے سے محفوظ رکھنے اور بیرونی دنیا میں وائرس کی منتقلی سے بچانے کے لیے پولیو ویکسنیشن مہم کا دوبارہ آغاز اہمیت کا حامل ہے’۔

رپورٹ کے مطابق افغانستان میں تین ماہ بعد 8 نومبر کو پولیو ویکسینیشن مہم شروع ہوگی جس کا مقصد ملک کے تمام بچوں کو قطرے پلانا ہے، جس میں دور دراز علاقوں کے 30 لاکھ بچے بھی شامل ہیں جو اس سے قبل رسائی نہ ہونے کے باعث رہ گئے تھے۔

افغانستان میں یونیسیف کے نمائندے ہیروے لوڈوویک نے بیان میں کہا کہ ‘یہ فیصلہ ہمیں پولیو کے خاتمے کے لیے ایک زبردست مہم چلانے کی اجازت دے گا’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے افغانستان بھر میں ہر گھر میں ہر بچے تک ویکسین پہنچائی جائے اور ہم اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر ایسا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں’۔

Shares: