افغان طالبان کے پاس 100سے زائد روسی فوجی ہیلی کاپٹر موجود ہیں: روس

0
29

ماسکو:افغان طالبان کے پاس 100سے زائد روسی فوجی ہیلی کاپٹر موجود ہیں:اطلاعات کے مطابق روس کی اسلحہ برآمد کرنے والی ایک سرکاری کمپنی کے سربراہ نے کہا ہےکہ طالبان نے 100 سے زیادہ روسی ساختہ ہیلی کاپٹروں کو قبضے میں لے لیا ہے ۔

روسی سرکاری کمپنی کے سربراہ نے کہا ہےکہ طالبان دیکھ بھال کیلئے ماہر عملہ نہ ہونے اور اسپیئر پارٹس تک بہت کم رسائی کی وجہ سے انہیں استعمال نہیں کر سکیں گے۔افغان فوج کو زیر کرنے کے بعد طالبان نے اسلحے اور گاڑیوں کے بڑے ذخیرے پر بھی قبضہ کر لیا ہے جس میں کم از کم 100 ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر بھی شامل ہیں۔

برطانوی اخبار دی گارجین کی رپورٹ میں بتا گیا ہے کہ یہ روسی ساختہ ہیلی کاپٹر امریکا نے افغان مسلح افواج کے لیے خریدے تھے کیونکہ یہ نسبتاً سستے ہیں جب کہ انہیں امریکی ساختہ UH-60 بلیک ہاکس کی نسبت اُڑانا بھی آسان ہے۔

انٹرفیکس نیوز ایجنسی کے مطابق روسی سرکاری کمپنی روسوبورون ایکسپورٹر کے سربراہ الیگزینڈر میخیونے کہا کہ افغانستان میں ہیلی کاپٹروں کا بیڑا بڑا ہے جس میں مختلف قسم کے 100 سے زیادہ Mi-17 ہیلی کاپٹر شامل ہیں۔

خیال رہے کہ روسی سرکاری کمپنی کے سربراہ کی جانب سے افغانستان میں روسی ساختہ ہیلی کاپٹروں کی تعداد کا تخمینہ اس سے قبل رپورٹ شدہ تعداد سے نمایاں طور پر زیادہ ہے۔

افغانستان کی تعمیر نو کے امریکی اسپیشل انسپکٹر جنرل (سگار) کی جولائی کی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ افغان فوج کے پاس 56 ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر تھے جن میں سے صرف 32 قابل استعمال تھے۔افغانستان میں موجود ایم آئی 17 روس کے ایم آئی 8 ہیلی کاپٹر کا برآمدی ورژن ہے ، جو روس میں 2 پلانٹس کازان اور اُلان اُدے میں تیار کیے جاتے ہیں۔

Leave a reply