چین کے سرد ترین شہر ہربن میں 36ویں سالانہ آئس اینڈ اسنو فیسٹیول کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہےنبرف کے اس دلچسپ اور منفرد میلے کا افتتاح شاندار آتش بازی اور لائٹ شو سے ہوا جس نے دیکھنے والوں کو مبہوت کردیا
ہر سال کی طرح منعقد ہونے والا یہ میلہ دنیا کے چار بڑےاسنو فیسٹیولز میں سے ایک ہے جس میں ہر سال چین اور دنیا بھر سے برف کے سیکڑوں مجسمہ ساز اور آرٹسٹ جمع ہوکر خوبصورت شاہکار اور مجسمے بناتے ہیں
اس مرتبہ اس میلے کو حتمی شکل دینے کے لیےدس ہزار سے زائد ورکرز اور سینکڑوں آرٹسٹ میدان میں موجود ہیں اور 6 لاکھ اسکوائر میٹر رقبے پر کئی میٹر اونچے ٹاورز اور شاندار آئس سلائیڈ کے علاوہ سینکڑوں برف کے مجسمے تیار کرنے میں مصروف ہیں
اس مقصد کے لیے ورکرز نے ہربن کے دریا کی سطح سے برف کے 170,000 کیوبک میٹر کے بڑے ٹکڑے کاٹ کر میلے کے مقام پر پہنچائے اور صرف پندرہ دن میں ایک سو سے زائد کئی میٹر بلند برف کے مجسمے تیار کئے گئے جنہیں خوبصورت رنگ برنگی روشنیوں سے بھی مزین کیاگیا ہے
یہ میلہ ہر سال تقریباً ڈیڑھ سے دو ماہ تک چین کے شہر ہربن میں جاری رہتا ہے جہاں فروری کے اختتام تک سیاحوں کی بڑی تعداد برف سے بنائے گئے مجسمے اور آرٹ کے انمول نمونے دیکھنے آتی ہے