اسلام آباد : غریبوں کے نام پرسبسڈی لینے والے بڑے بڑے ہوں گے بے نقاب :جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی ،اطلاعات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے شوگر سبسڈی اسکینڈل کی غیر جانبدرانہ، آزادانہ اور قانون کے مطابق تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی ہے۔

قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیر صدارت اجلاس نیب ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوا جس میں ڈپٹی چئیرمین نیب حسین اصغر، پراسیکیوٹر جنرل نیب سید اصغر حیدر، ڈی جی آپریشن نیب ظاہر شاہ، ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

نیب سے جاری اعلامیے کے مطابق اجلاس میں شوگر کمیشن کی رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لینے کے علاوہ مبینہ شوگر سبسڈی اسکینڈل کی غیر جانبدرانہ، آزادانہ، شفاف، میرٹ اور قانون کے مطابق تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی گئی ہے۔

ٹیم میں دو انویسٹی گیشن افسران، فنانشل ایکسپرٹ، لیگل کنسلٹنٹ، شوگر انڈسٹری کے معاملات کے بارے میں تجربہ رکھنے والے ایکسپرٹ، فرانزک ایکسپرٹ اور کیس افسر/ایڈیشنل ڈائریکٹر اور متعلقہ ڈائریکٹر شامل ہوں گے۔

تحقیقات کی نگرانی ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی کریں گے جبکہ چیئرمین نیب، ڈپٹی چئیرمین نیب، پراسیکیوٹر جنرل برائے احتساب اور ڈی جی آپریشنز مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ کا نیب ہیڈ کوارٹرز میں ماہانہ جائزہ لیا جائے گا۔

مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی تحقیقات کو شفاف، غیر جانبدارانہ اور میرٹ پر کام مکمل کرنے کے لیے تمام صوبوں سے چینی سبسڈی سے متعلق مکمل تفصیلات لینے کے علاوہ سیکیورٹیز ایکسچینج کمیشن آف پاکستان سے متعلقہ کمپنیوں کی مالی اور آڈٹ رپورٹس اور دیگر متعلقہ اداروں سے معلومات حاصل کرکے معاملہ کی تہہ تک پہنچا جائے گا۔

چیئرمین نیب نے ہدایت کی کہ چینی سبسڈی کی تحقیقات انتہائی غیر جانبدارانہ، شفاف، میرٹ اور پروفیشنل انداز میں مکمل کی جائیں اور تحقیقات میں تمام متعلقہ افراد اور محکموں کو اپنی صفائی کا پورا موقع فراہم کیا جائے اور غیر قانونی طریقے سے چینی سبسڈی وصول کرنے والے ہر اس شخص کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی جن کو غیر قانونی طریقے سے چینی سبسڈی دی گئی۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کے تشکیل کردہ شوگر انکوائری کمیشن اور اس کی رپورٹ کو غیر قانونی قرار دینے سے متعلق سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ عبوری طور پر معطل کردیا تھا۔

Shares: