اسلام آباد:قومی اور صوبائی اسمبلی کے 11 حلقوں میں ضمنی انتخاب کا دنگل آج اتوار 16 اکتوبر کو سجے گا، جس کے انتظامات مکمل کرلیے گئے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیکیورٹی انچارجز کو بھی پریزیڈائیڈنگ افسران کی طرح مجسٹریٹ کے اختیارات دے دیئے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک کے 11 حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے تیاریاں مکمل کرلیں، قومی اسمبلی کے 8 اور 3 صوبائی حلقوں پر پولنگ صبح 9 سے شام 5 بجے تک ہوگی، جس میں مجموعی طور پر 44 لاکھ 88 ہزار سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

قومی اسمبلی کے جن حلقوں پر ضمنی انتخاب ہوگا ان میں خیبرپختونخوا کے 3، کراچی کے 2 اور پنجاب کے 3 حلقے شامل ہیں جبکہ تینوں صوبائی نشستیں پنجاب اسمبلی کی ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق ضمنی انتخابات میں 24 لاکھ 60 ہزار مرد اور 20 لاکھ 28 ہزار خواتین ووٹرز ووٹ ڈالیں گی، گیارہ حلقوں میں 2 ہزار 937 پولنگ اسٹیشنز اور 9 ہزار 869 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں، تمام حلقوں میں 747 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس اور 694 حساس قرار دیئے گئے ہیں۔

میری قوم کے بچوں کو اسکولوں میں سیرت النبیﷺ پڑھانے کی ضرورت ہے،عمران خان

الیکشن کمیشن کے مطابقق ان 11 حلقوں میں 100 امیدواران میدان میں ہیں، ووٹرز اپنی اپنی باری پر ووٹ کاسٹ کرسکیں گے جبکہ حاملہ خواتین، خواجہ سرا، معذور اور بزرگ ووٹرز کو پہلے ترجیح دی جائے گی۔ای سی پی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بلا خوف و خطر ووٹ ڈالنے پولنگ اسٹیشنز پر آئیں۔

تمام انتخابی عمل کی نگرانی چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ خود کررہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کسی کو قانون کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی، ہنگامہ آرائی یا پولنگ میں مداخلت کرنے پر فوری کارروائی ہوگی۔الیکشن کمیشن نے سیکیورٹی اداروں کے متعلقہ انچارجز کو مجسٹریٹ کے اختیارات تفویض کر دیے۔

الیکشن کمیشن نے سیکیورٹی اداروں کو اہم ہدایات جاری کر دیں۔ الیکشن کمیشن حکام کے مطابق ہدایات وزارت داخلہ کی فراہم کردہ رپورٹس کی روشنی میں جاری کی گئی ہیں۔

پاکستان میں مہنگائی، بیروزگاری میں خطرناک حد تک اضافہ:معاملات مزید خراب ہوسکتے…

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق پولنگ کے دن سیکیورٹی کے تین حصار رکھے گئے ہیں، پولیس پہلے، رینجرز، ایف سی دوسرے اور فوج تیسرے سیکیورٹی حصار کیلئے موجود رہے گی۔ پاک فوج، رینجرز اور ایف سی کے ڈیوٹی انچارجز کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات حاصل ہوں گے۔

ووٹرز کو ہر صورت پُرامن اور محفوظ ماحول کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی۔ الیکشن کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ پولنگ اسٹیشن کے باہر بے ضابطگیوں کی اطلاع پریذائڈنگ افسر کو دینا سیکیورٹی عملے کی ذمہ داری ہوگی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق پریذائڈنگ افسر کے کارروائی نہ کرنے پر متعلقہ سیکیورٹی انچارج مجسٹریٹ کا اختیار استعمال کرسکے گا۔

Shares: