کراچی میں سیلابی صورتحال : پاک فوج کے سربراہ کی کورکمانڈر کو ہرممکن امداد کی ہدایت

0
43

راولپنڈی:کراچی میں سیلابی صورتحال : پاک فوج کے سربراہ کی کورکمانڈر کو ہرممکن امداد کی ہدایت ،اطلاعات کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ کراچی میں اذیت سے دوچار شہریوں کی ہر ممکن امداد کی جائے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق آرمی چیف نے کور کمانڈر کراچی کو شہر قائد میں ہر ممکن امداد یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔آرمی چیف کا کہنا ہے کہ کراچی اور سندھ میں سیلابی صورتحال پر ریلیف آپریشن تیز کریں، جوان فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں پہنچیں لوگوں کی مدد کریں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ فوجی دستے دور دراز علاقوں میں پہنچ کر متاثرین کی مدد کریں، اذیت سے دوچار شہریوں کی ہر ممکن امداد کی جائے۔واضح رہے کہ اس سے قبل آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ کراچی میں سیلابی صورتحال سے متعدد علاقے متاثر ہوئے، آرمی انجینئرز ایم 9 شاہراہ پر کاموں میں مصروف ہیں۔

 

 

 

آئی ایس پی آر کے مطابق شدید بارشوں سے تھڈو ڈیم میں گنجائش سے زیادہ پانی موجود ہے جبکہ قائد آباد کے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے، متاثرہ افراد میں خوراک اور دیگر اشیا کی تقسیم کی گئی۔

آرمی کی تین ٹیمیں سعدی ٹاؤن، ملیر کینٹ اور کے الیکٹرک کے گرد اسٹیشن پر تعینات ہیں، ریسکیو ٹیمیں لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کررہی ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آرمی انجینئرز نے ایم نائن کو سیلاب سے بچانے کے لیے بند بنایا، آرمی انجینئرز نے 200 میٹر لمبا 4 فٹ اونچا بند تعمیر کیا ہے، بند پانی کو مناسب طریقے سے ریگولیٹ کرنے کے لیے تعمیر کیا گیا۔

Leave a reply