عوام کو ریلیف دئیے بغیر مستحکم حکومت کا خواب پورا نہیں ہوسکتا: چودھری پرویزالٰہی

0
42

لاہور: وزیراعظم عمران خان کے وژن اور عوام کو ریلیف دئیے بغیر مستحکم حکومت کا خواب پورا نہیں ہوسکتا:اطلاعات کے مطابق قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حافظ ممتاز احمد اور سابق صوبائی وزیر دلدار چیمہ نے یہاں گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر چودھری جاوید چٹھہ، سابق چیف گیم وارڈن بدر منیر اور مطلوب ربانی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن اور عوام کو ریلیف دئیے بغیر مستحکم حکومت کا خواب پورا نہیں ہوسکتا، مہنگائی پر ہر حال میں قابو پانا ہو گا، بیروزگاری اور مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے، وزیراعظم عمران خان کی عوام کو ریلیف دینے کیلئے مناسب حکمت عملی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہبازشریف اور ن لیگ کی حکومت نے ہمارے دور کے شروع کیے ہوئے ہر فلاحی منصوبے کو بند کرنے کی کوشش کی، اداروں کے فنڈز منجمد کر دئیے، 1122 جیسے انسانی خدمت کے ادارے کو بھی بند کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ دس سال تک ن لیگ کی حکومت نے پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ کو مکمل نہیں ہونے دیا، وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال مکمل ہونے کے باوجود آپریشنل نہیں کیا گیا جس سے ہزاروں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں جس کے جوابدہ شہبازشریف ہیں۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ بطور وزیراعلیٰ تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کیلئے عالمی اداروں کے تعاون سے پروگرام شروع کیے۔ صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حافظ ممتاز احمد نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ میں ختم نبوتﷺ کے حوالے سے قرآنی آیات اور احادیث مزین کرنا تاریخی کارنامہ ہے۔ دلدار چیمہ نے کہا کہ فیصل آباد میں جتنے ترقیاتی کام آپ کے دور میں ہوئے اس کی مثال نہیں ملتی، اس وقت فیصل آباد مسائل کا گڑھ بن چکا ہے۔#

Leave a reply