کراچی : متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی امداد اور ان کی بحالی کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔اس سلسلے میں یو اے ای ہلال احمر کے تحت میرپورخاص کے شہر جھڈو میں سیلاب متاثرین کے کیلئے خیمہ بستی قائم کردی گئی۔
ذرائع کے مطابق سیلاب متاثرین کو مذکورہ خیمہ بستی میں منتقل کردیا گیا، اماراتی ہلال احمر کے امدادی کارکنان سیلاب متاثرین کو کھانے پینے کی اشیا سمیت دیگر سامان فراہم کررہے ہیں۔
متاثرین کے لیے خیمہ بستی کے قیام کا مقصد یہ ہے کہ جب تک ان کے پکے گھر تعمیر نہیں ہوجاتے جب تک سیلاب متاثرین کھلے آسمان تلے نہ رہیں
اماراتی ہلال احمر کے ڈائریکٹر حمد بخیت الرومیتی کا کہنا ہے کہ جلد باقی علاقوں کے سیلاب متاثرین کے لیے بھی ریلیف کیمپ قائم کیے جائیں گے اس مشکل گھڑی میں امارات کی حکومت اور اماراتی ہلال احمر پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں 14 جون سے شروع ہونے والی مون سون بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب میں جان کی بازی ہارنے والوں کی تعداد 1545 تک پہنچ گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ میں 32 اور بلوچستان میں 5افراد جاں بحق ہوئے ہیں، بارشوں اور سيلاب سے سندھ میں سب سے زیادہ 678 اموات ريکارڈ ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں 299، خيبرپختونخوا میں 306 ، پنجاب میں 191، گلگت بلتستان میں 22 جبکہ آزاد کشمیر میں 48 افراد زندگى کى بازى ہار گئے، جاں بحق ہونے والوں میں 678 مرد 315 خواتين اور 552 بچے شامل ہیں۔
این ڈی ایم اے رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ سیلاب سے مجموعی طور پر ملک بھر میں 19 لاکھ 21 ہزار سے زائد مکانات تباہ ہوئے جبکہ 12 ہزار کلومیٹر سے زائد سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے۔ سیلاب کی آفت نے ایک کروڑ سےزائد انسانوں کو اپنے گھر بار کو ترک کرنے پر مجبورکیا ہے۔
پاک فوج کی ٹیمیں ریلیف آپریشن میں انتظامیہ کی بھرپورمدد کر رہی ہیں،وزیراعلیٰ
وزیراعظم فلڈ ریلیف اکاؤنٹ 2022 میں عطیات جمع کرانے کی تفصیلات