پاک افغان سرحد پر چند جگہوں سے باڑ کو اکھاڑا گیا ہے:ترجمان دفترخارجہ

0
29

اسلام آباد:ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار کا کہنا ہے کہ پاک افغان سرحد پر چند جگہوں سے باڑ کو اکھاڑا گیا ہے تاہم سرحد پر ابھی بھی زیادہ تر جگہوں پر باڑ موجود ہے۔

ہفتہ وار نیوزبریفنگ کے دوران عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ خطے میں امن واستحکام کا افغانستان کی صورتحال سے براہ راست تعلق ہے، افغانستان کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا کی اقوام متحدہ کی کمیٹی پر حالیہ گمراہ کن پروپیگنڈا مسترد کرتے ہیں، سلامتی کونسل کی 1267 کمیٹی کا اپنا ایک طریقہ کار ہے، پاکستان خود بھی سرحد پار سے دہشتگردی کا شکار رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی شہری کے دہشتگرد نیٹ ورک چلانے کے متعلق 1267 کمیٹی کو آگاہ کیا، کمیٹی نے پابندیاں عائد کرنے کے مطالبے کو مسترد کیا جو دہرے معیار کی عکاسی ہے،مزید کہا کہ پاک بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات کی کسی قسم کی معلومات نہیں ہے۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے ابھی تک غلطی سے میزائل چلانے پر کوئی معلومات فراہم نہیں کی، پاکستان نے بھارت کو سوالات کے مجموعہ بھیجا،بھارت نے جواب نہیں دیا، پاکستان نے اقوام متحدہ کو بھی ان سوالات سے آگاہ کیا تھا۔

عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ بارسلونا میں جنسی ہراسگی کےالزامات کی تحقیقات کی جارہی ہیں، ان الزامات میں ملوث سفارتکاروں کو واپس طلب کر لیا گیا ہے، دفترخارجہ ایسے معاملات کو نتہائی سنجیدگی سے لیتا ہے۔

Leave a reply