وفاق المدارس نے موجودہ مشکل حالات میں بھی امتحانات کے منظم,محتاط اور مثالی انعقاد کی روایت برقرار رکھی

اسلام آباد/کراچی/ملتان/پشاور:وفاق المدارس نے موجودہ مشکل حالات میں بھی امتحانات کے منظم,محتاط اور مثالی انعقاد کی روایت برقرار رکھی, دینی مدارس کے سب سے بڑے امتحانی بورڈ وفاق المدارس کے تحت سخت ایس او پیز کے ساتھ ملک بھر میں سالانہ امتحانات کا آغاز ہوگیا,

باغی ٹی وی کے مطابق ملک بھر میں 119318(ایک لاکھ انیس ہزار تین سو اٹھارہ)طلباء اور 196571 طالبا ت شریک ہیں جبکہ مجموعی طور پر 315889 طلباء اور طالبات امتحان میں شامل ہیں جن کے لئے ملک بھر میں 2116 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں جن میں نگرانی کیلئے 14809 افراد پرمشتمل عملہ تعینات کیا گیا ہے،

ذرائع کے مطابق صدر وفاق المدارس مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر کی نگرانی میں ملک بھر میں امتحانی عمل جاری,جنرل سیکرٹری وفاق المدارس مولانا محمد حنیف جالندھری اور دیگر قائدین کے مختلف امتحانی مراکز کے دورے,امتحانی نظام اور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو تسلی بخش قرار دیا

تفصیلات کے مطابق وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے زیر اہتمام 11 جولائ بروز ہفتہ سے ملک بھر میں سخت احتیاطی تدابیرپر عمل کرتے ہوئے امتحانی عمل کا آغاز ہوگیا ہے-کرونا وائرس کے باعث اس سال خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں-مدارس ومساجد کے بڑے ہالوں میں طلبہ کو مناسب فاصلے پر بٹھایا گیا ہے,تمام طلبہ کے لیے ماسک,ہینڈ سینٹائزر کا استعمال ضروری قرار دیا گیا ہے,احتیاطی تدابیرپر عملدرآمد کے لیے خصوصی ڈیسک قائم کیے گئے ہیں,امتحانی عملے کی تعداد بڑھا دی گئ ہے یوں ملک بھر میں وفاق المدارس نے منظم انداز سے امتحانات کا انعقاد کرکے ایک مرتبہ پھر ایک قابل تقلید مثال قائم کر دی ہے اور اپنی دیرینہ روایات کو برقرار رکھا ہے-

وفاق المدارس کے صدر مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر اور جنرل سیکرٹری مولانا محمد حنیف جالندھری مسلسل امتحانی عمل کی نگرانی کر رہے ہیں-ملک بھر میں وفاق المدارس کے قائدین نے مختلف امتحانی مراکز کے دورے کیے اور اس بات کو یقینی بنایا کہ کسی بھی امتحانی مرکز میں کسی قسم کی مشکلات یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے,

وفاق المدارس کے ذرائع کے مطابق نوشہرہ میں مولانا انوار الحق,ملتان میں مولانا محمد حنیف جالندھری, کراچی میں مولانا امداد اللہ,مولانا ڈاکٹر عادل خان,مولانا سعید اسکندر,مولانا طلحہ رحمانی,لاہور میں مولانا قاضی عبدالرشید,پشاور میں مولانا حسین احمد,کوئٹہ میں مولانا صلاح الدین,خیبر پختونخواہ کے جنوبی اضلاع میں مولانا اصلاح الدین حقانی,آزاد کشمیر میں مولانا سعید یوسف,اندرون سندھ مولانا قاری عبدالرشید,جنوبی پنجاب میں مولانا زبیر صدیقی,اسلام آباد میں مولانا ظہور احمد علوی,مفتی محمد عثمان اور مولانا عبدالقدوس محمدی نے مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور تمام انتظامات بالخصوص احتیاطی تدابیر کو تسلی بخش قرار دیا-

وفاق المدارس کے تمام اضلاع کے مسوولین اور مرکزی و صوبائ ذمہ داران اہل مدارس اور امتحانی عملے کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے تاکہ کسی جگہ کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے جبکہ وفاق المدارس کے ملتان میں واقع مرکزی دفتر سے مولانا عبدالمجید اپنی ٹیم سمیت کئ ماہ سے امتحانی امور سرانجام دے رہے ہیں خاص طور پر موجودہ حالات کے پیش نظر تمام طلبہ و طالبات کو اپنے آبائ علاقوں کے قریب امتحان دینے کی سہولت دی گئ جس کے لیے مولانا عبدالمجید نے تمام ضلعی مسوولین کی معاونت سے شب و روز ایک کیے رکھے-

واضح رہے کہ شعبہ حفظ کے طلبہ و طالبات سمیت اس سال مدارس کے سب سے بڑے اور قدیم امتحانی بورڈ وفاق المدارس کے تحت امتحانات میں شریک ہونے والے طلبہ و طالبات کی کل تعداد 394899 (تین لاکھ چورانوے ہزار آٹھ سو ننانوے)ہے،وفاق المدارس کے مرکزی میڈیا سنٹر کی جانب سےجاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال کی تعداد کی بنسبت اس سال 17503 طلبہ و طالبات زیادہ امتحانات میں شامل ہو رہے ہیں-

یاد رہے کہ وفاق المدارس کی طرف سےامتحانات کے سلسلے میں ایس او پیز بھی جاری کئے گئے ہیں اور کہا گیا ہے کہ امتحانات کے دوران ان ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے،موجودہ صورت حال کے پیش نظر امتحانی مراکز اور امتحانی عملے کی تعداد بھی بڑھا دی گئی ہے،واضح رہے کہ وفاق المدارس کے زیر اہتمام مڈل سے عالمیہ یعنی ایم اے تک کے درجات کا ملک بھر میں ایک ہی وقت میں امتحان ہوتا ہے-

وفاق المدارس کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد حنیف جالندھری نے وفاق المدارس کے امتحانات کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئےموجودہ مشکل حالات میں امتحانات کے انعقاد کےفیصلے اور امتحانات کے منظم,محتاط اور مثالی انعقاد کو وفاق المدارس کی امتیازی خصوصیت قرار دیا اور اس حوالے سے کردار ادا کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا#

Comments are closed.