کراچی دھماکہ:عمارت کے سامنے سے گزرنے والا والدین کا اکلوتا بیٹا بھی زندگی کی بازی ہارگیا

0
39

کراچی : دھماکہ:عمارت کے سامنے سے گزرنے والا والدین کا اکلوتا بیٹا بھی زندگی کی بازی ہارگیا ،اطلاعات کے مطابق کراچی دھماکے میں والدین کا اکلوتا بیٹا بھی اللہ کو پیارا ہو گیا۔لواحقین اکلوتے سپوت کے بچھڑنے پر غم سے دوچار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق 19 سالہ یاسر کراچی میں ہونے والے گیس لیکج دھماکے میں جاں بحق ہو گیا۔ورثاء نے اسپتال انتظامیہ پر ابتدائی طبی امداد نہ دینے کا الزام عائد کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ پیسوں کی وجہ سے یاسر کا علاج نہیں کیا گیا۔

عمارت کے سامنے سے گزرنے والے یاسر کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔19 سالہ نوجوان پٹیل اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔یاسر ٹائروں کا کام کرتا تھا جب کہ تین بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔نوجوان کے لواحقین غم سے نڈھال ہیں،انہوں نے اسپتال کے باہر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ پیسے نہ ہونے کی وجہ سے بیٹے کا علاج نہ ہو سکا۔

اہلخانہ نے مزید کہا کہ اسپتال انتظامیہ نے کہا کہ پہلے 50 ہزار روپے جمع کرواؤ پھر آپریشن کیا جائے گا۔تاہم اسپتال انتظامیہ نے لواحقین کی جانب سے پیسے مانگنے کا الزام مسترد کر دیا ہے۔جب کہ سیکرٹری ہیلتھ کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے زخمیوں کو مفت علاج کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ محکمہ صحت سندھ نے کہاہے کہ کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 7 کی رہائشی عمارت میں ہونے والے پراسرار دھماکے میں 5افرادجاں بحق اور 28زخمی ہوگئے،لاشوں اور زخمیوں کو 3نجی اور2 سرکاری ہسپتالوں میں لایا گیا۔

Leave a reply