مقتول ڈینیئل پرل کے والدین نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے انصاف مانگ لیا

0
37

اسلام آباد :مقتول ڈینیئل پرل کے والدین نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے انصاف مانگ لیا ،اطلاعات کے مطابق امریکا کے مقتول صحافی ڈینیئل پرل کے والدین نے قتل کیس میں اعلیٰ عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دینے اور مجرمان کی سزا بحال کرنے کے لیے سپریم کورٹ آف پاکستان میں درخواست دائر کردی۔

ذرائع کے مطابق اپنے ویڈیو پیغام میں مقتول صحافی کے والد جوڈا پرل نے کہا کہ ‘ہم نے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔’انہوں نے کہا کہ ‘ہم نہ صرف اپنے بیٹے کے لیے بلکہ پاکستان میں موجود ہمارے تمام عزیز دوستوں کے انصاف کے لیے کھڑے ہیں تاکہ وہ تشدد اور دہشت سے آزاد معاشرے میں زندگی گزار سکیں اور اپنے بچوں کی امن و ہم آہنگی کے ماحول میں پرورش کر سکیں۔’

واضح رہے کہ 2 اپریل کو سندھ ہائی کورٹ نے امریکی صحافی ڈینیئل پرل کے اغوا کے بعد قتل کے مقدمے میں 4 ملزمان کی دائر کردہ اپیلوں پر فیصلہ سناتے ہوئے 3 کی اپیلیں منظور کرلیں تھیں جبکہ مرکزی ملزم عمر شیخ کی سزائے موت کو 7 سال قید میں تبدیل کردیا تھا۔

 

بینچ نے اپنے فیصلے میں 3 ملزمان کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا جبکہ مجرم احمد عمر سعید شیخ المعروف شیخ عمر کی سزائے موت کو 7 سال قید میں تبدیل کردیا تھا۔احمد عمر سعید شیخ کیونکہ پچھلے 18 سالوں سے جیل میں تھے لہٰذا ان کی 7 سال کی سزا پورے وقت سے شمار کیے جانے کے بعد ان کی بھی رہائی متوقع تھی۔

تاہم 3 اپریل کو بڑی پیش رفت سامنے آئی تھی اور محکمہ داخلہ سندھ نے سی آئی اے کے ڈی آئی جی کی درخواست پر چاروں ملزمان کو مزید 90 روز کے لیے دوبارہ حراست میں لینے کا حکم دے دیا تھا۔یہ صحافی کے قتل کیس میں سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف عدالت عظمیٰ میں دوسری درخواست ہے۔سندھ حکومت نے 22 اپریل کو صحافی ڈینیئل پرل قتل کیس کا سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔28 اپریل کو سندھ حکومت نے اپنی درخواست کی جلد سماعت کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

پراسیکیوٹر جنرل سندھ فیاض شاہ کی جانب سے دائر درخواست میں سپریم کورٹ کو آگاہ کیا گیا تھا کہ عمر شیخ کے مفرور ہونے کا خدشہ ہے جبکہ اس کے امریکی صحافی کے اغوا اور قتل میں ملوث ہونے کے مضبوط شواہد موجود ہیں۔دوسری جانب کیس میں ڈینیئل پرل کے والدین کی نمائندگی کرنے والے وکیل فیصل صدیقی نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ‘اے ایف پی’ کو بتایا کہ ملزمان کے خلاف کیس میں خاطر خواہ ثبوت موجود ہیں۔سینئر وکیل طارق بلال نے کہا کہ سپریم کورٹ دونوں درخواستوں کی ایک ساتھ سماعت کرے گی۔

Leave a reply