وینزیلا :حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش ناکام،صدرمملکت کوپکڑنے کی سازش بھی ناکام ہوگئی ، دو امریکی گرفتار، دو امریکی گرفتار،اطلاعات کےمطابق ملک میں حکومت کا تختہ الٹنے اور صدر کو پکڑنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی اور اس سازش میں ملوث دو امریکیوں سمیت 10افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پیر کو وینیزویلا کے صدر نے سرکاری ٹی وی پر خطاب کے دوران اعلان کیا کہ اس سازش میں دو امریکی ملوث تھے اور اس بات کے ثبوت کے طور پر انہوں نے دو نیلے رنگ کے پاسپورٹ پکڑے ہوئے تھے اور انہوں نے ان افراد کے نام اور تاریخ پیدائش پڑھ کر سنائی۔
صدر نکولس مدورو نے ان کشتیوں کی تصاویر بھی دکھائیں جس پر یہ افراد مبینہ طور پر آئے جبکہ ساتھ ساتھ ان کےواکی ٹاکی اور دیگر اشیا کی تصاویر بھی دکھائی گئیں۔انہوں نے اس سازش کا الزام امریکا اور کولمبیا پر عائد کیا لیکن دونوں ہی ممالک نے اس الزام کو مسترد کردیا ہے۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہاکہ اس شکست خوردہ حملے میں امریکی حکومت مکمل طور پر ملوث ہے اور مچھیروں کی بستی کو سراہا جس نے ان پیشہ ورانہ امریکی حملہ آوروں کو پکڑوانے میں اہم کردار ادا کیا۔
حالیہ پیشرفت سے باخبر ایک ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبر رساں ایجنسی رائٹرز کو بتایا کہ دو امریکی شہریوں کو پیر کو گرفتار کیا گیا تھا اور یہ مانا جا رہا ہے کہ وہ اس وقت وینیزویلا کی فوج کی تحویل میں ہیں۔ادھر فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے امریکی فوج کے ایک سابق عہدیدار نے حملے کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ان کے تربیت یافتہ دو امریکی اہلکار اس وقت وینیزویلا کی حکومت کی تحویل میں ہیں۔
امریکی فوج کے سینئر عہدیدار جورڈن گوڈریو نے کہا کہ دو امریکی ایرون بیری اور لیوک ڈینمن ان کے ساتھ کام کر رہے تھے اور انہیں پکڑ لیا گیا ہے، وہ میرے آدمی تھے اور میرے ساتھ کام کررہے تھے۔انہوں نے مزید بتایا کہ انہوں نے اتوار کو کولمبیا سے یہ آپریشن شروع کیا تھا جس کا مقصد وینیزوئلا فتح کرنا تھا، ساحلی شہر لا گوائراکے ساحل پر کیے گئے اس آپریشن میں آٹھ افراد مارے گئے۔انہوں نے گرفتار کیے گئے دونوں افراد کے نام بتاتے ہوئے انکشاف کیا کہ یہ دونوں ان کے ساتھ عراق اور افغانستان میں کام کر چکے ہیں اور یہ افراد ‘آپریشن گیڈیون’ نامی مشن پر تھے۔
امریکی فوجی نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اپوزیشن لیڈر جوآن گوائیڈو کے ساتھ مدورو کی حکومت کا تختہ الٹنے کا معاہدہ کیا تھا لیکن گوائیڈو نے اس دعوے کی تردید کردی۔تردید کے جواب میں گوڈریو نے کہا کہ اس معاہدے کی مالیت 200ملین ڈالر تھی اور ان کے پاس اس معاہدے کی دستاویز بھی موجود ہے جس پر جوائیڈو کے دستخط ہیں۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وینیزوئلا کی صورتحال سے امریکا کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔