لاہور :پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کے جانے کا وقت قریب آگیا ،اطلاعات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی کو مزید توسیع نہ دینے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اب کسی سابق کرکٹر کو چیئرمین پی سی بی بنانے کے خواہش مند ہیں،
کرکٹ بورڈ کا اگلا چیئرمین کون ہوگا اس حوالے سے آنے والی خبروں کے مطابق وزیراعظم کے پرانے ساتھی رمیز راجہ اس وقت پی سی بی چیئرمین شپ کیلئے مضبوط امیدوار ہیں۔ وزیراعظم اپنے قریبی ساتھی رمیز راجہ کو چیئرمین پی سی بی بنانے کیلئے ایک دو روز میں فیصلہ کریں گے۔
موجودہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی مدت 24 اگست کو ختم ہورہی ہے، ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی وزیراعظم کی توقعات کے مطابق ڈیلیور کرنے میں ناکام رہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم سمجھتے ہیں کہ ان کا کرکٹ سے متعلق ویژن کوئی تجربہ کار کھلاڑی ہی پایہ تکمیل تک پہنچا سکتا ہے۔ دوسری جانب 58 سالہ رمیز راجہ ماڈرن کرکٹ سے بھی بخوبی آگاہ ہیں اور بحیثیت کمنٹیٹر وسیع تجربے کے بھی حامل ہیں ۔








