امریکاگھٹیا الزام تراشی پراترآیا: ایران اور روس پر صدارتی انتخاب میں مداخلت کا الزام
واشنگٹن :امریکاگھٹیا الزام تراشی پراترآیا: ایران اور روس پر صدارتی انتخاب میں مداخلت کا الزام،اطلاعات کے مطابق واشنگٹن میں پریس کانفرنس کے دوران امریکی نیشنل انٹیلی جنس ایجنسی کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف نے الزام عائد کیا کہ ایران اور روس نے امریکی صدارتی انتخاب 2020 میں مداخلت کرنے کی کوشش کی ہے۔ جان ریٹکلف کاکہنا تھاکہ ہمیں ٹھوس اطلاعات ہیں کہ ایران اور روس نے ووٹرز رجسٹریشن کی معلومات تک رسائی حاصل کرلی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ دنوں امریکی دائیں بازو کے گروپ کی جانب سے ڈیموکریٹ ووٹرز کو دھمکی آمیز خطوط بھی ایران سے بھیجے گئے تھے، جس کا مقصد ملک میں شورش پھیلانا، ووٹرز کو ڈرانا اور صدر ٹرمپ کو نقصان پہنچانا تھا۔امریکی انٹیلی جنس ایجنسی کی جانب سے یہ اطلاع ایسے وقت دی گئی ہے جب امریکی صدارتی انتخاب میں 2 ہفتے سے بھی کم وقت رہ گیا ہے۔
امریکی سیکیورٹی حکام کی جانب سے اس سے قبل بھی رپورٹ دی گئی تھی کہ ایران صدر ٹرمپ کو نقصان پہنچانے کے لیے انتخابی عمل میں مداخلت کرسکتا ہے جب کہ روس ٹرمپ کی مدد کرنے کی کوشش کرے گا۔
خیال رہےکہ 3 نومبر کو امریکا میں 59 واں صدارتی انتخاب ہے جس میں امریکی صدر ٹرمپ دوسری مرتبہ صدارت کے امیدوار ہیں جب کہ ان کے حریف ڈیموکریٹس کے جوبائیڈن ہیں۔امریکا کے گذشتہ انتخاب 2016 میں بھی ٹرمپ کی کامیابی پر روس کے اثر انداز ہونے کے حوالے سے بہت سے شکوک و شبہات کا اظہار کیا گیا تھا۔