پسند کی شادی اورغیرت اس معاشرے کی تباہی کا سبب:گھرمیں فائرنگ سے تین بہنیں اور بھائی جاں بحق

راولپنڈی:پسند کی شادی اورغیرت اس معاشرے کی تباہی کا سبب:گھرمیں فائرنگ سے تین بہنیں اور بھائی جاں بحق،اطلاعات کے مطابق پنجاب کے شہر راولپنڈی میں دیور نے اپنے بھائیوں کے ساتھ مل کر بھابھی کے گھر میں گھس کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں تین بہنیں اور بھائی جاں بحق ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق راولپنڈی تھانہ ایئرپورٹ کے علاقے ڈھوک کمال دین میں پسند کی شادی کے بعد طلاق کا مطالبہ کرنے پر دیور نے اپنے بھائیوں کے ساتھ مل کر بھابھی کے گھر جاکر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں بھابھی زخمی اور اس کی تین بہنیں اور بھائی جاں بحق ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق ڈھوک کمال دین کی رہائشی خاتون ایرج نے گھر والوں کی مخالفت کے باوجود خرم نامی شخص سے پسند کی شادی کی تھی، خاتون نے جب شوہر سے طلاق لینا چاہی تو خرم کا بھائی غلام عباس خاتون کے گھر پہنچ گیا جہاں تلخ کلامی کے بعد غلام عباس نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایرج کی بہنیں صباحت، حرا نوشین، فائزہ اور بھائی علی حیدر جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے جاں بحق افراد کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ زخمی خاتون کو اسپتال میں طبی امداد کی فراہمی جاری ہے۔

پولیس کے مطابق زخمی خاتون ایرج نے اپنے ابتدائی بیان میں بتایا کہ فائرنگ اس کے دیور غلام عباس نے کی ہے، وہ خاتون کے طلاق لینے کے فیصلے کے خلاف تھا۔

ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

Comments are closed.