بالی ووڈ اداکار سلمان خان اور اداکارہ کترینہ کیف کی ایکشن سے بھر پورفلم ’ٹائیگر3‘ کے لئے فلم انتظامیہ کی جانب سے بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے۔
باغی ٹی وی : بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان اور کترینہ کیف کی ایکشن اور تھرل سے بھرپور فلم ’ ٹائیگر3‘ کے لئے بھارتی شہر ممبئی میں ترکی کی طرز کا علاقہ بنایا جائے گا یہ سیٹ اپریل کے پہلے ہفتے تک تیار ہوجائے گا۔
رپورٹس کے مطابق فلم کے پروڈیوسر ادتیہ چوپڑا نے پروڈکشن ڈیزائن ٹیم کو اس حوالے سے احکامات دے دیئے ہیں سلمان اور کترینہ کے کچھ اہم ایکشن سینز اب یہیں شوٹ ہوں گے۔
فلم کے ڈائریکٹر منیش شرما کے حوالے سے اطلاعات ہیں کہ وہ سلمان خان اور کترینہ کیف کے متعدد ایکشن سینز میں جنگی ٹینک اور دستی بموں کا استعمال کرنا چاہتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم کی شوٹنگ حال ہی میں شروع کی گئی ہے ابتدا میں شیڈول کے مطابق شوٹنگ استنبول میں شروع کی جانی تھی تاہم کورونا کی وجہ سے شیڈول میں تبدیلی کرنا پڑی۔