تجاوزات کے خلاف سی ڈی نے آپریشن شروع کردیا
وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) انتظامیہ کی ہدایت پر شعبہ انفورسمنٹ نے بدھ کے روز ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کی معاونت سے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی تجاوزات اور تعمیرات کے خلاف متعدد مقامات پر کارروائیاں کیں جسمیں غیر قانونی عمارتیں، مکانات و دیگر غیر قانونی تعمیرات مسمار کردی گئیں ہیں.
ان کارروائیوں کا آغاز اسلام آباد کے علاقے آ ئی جے پی روڈ سے کیا گیا ہے، جس میں بھاری مشینری کی مدد سے منڈی موڑ سے منسلک گرین بیلٹ پر قائم ایک غیر قانونی کار پارکنگ کی دیواروں کو مسمار کردیا گیا ہے، گاڑیوں کو غیر قانونی پارکنگ میں سے نکال کر گہرے گھڑے کھود کر زمین کو ناکارہ بنادیا گیا ہے، اراضی کا قبضہ سی ڈی اے کے ہی شعبہ انوائرمنٹ کے حوالے کردیا تاکہ خالی کرائی گئی جگہ پر شجرکاری شروع کی جاسکے گی.
علاوہ ازیں آ ئی جے پی روڈ بالمقابل سی ٹی ٹی آ ئی کالج کے عقب میں واقع برساتی نالے کے اطراف میں 35 غیر قانونی گھروں کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردیا گیا ہے، تاکہ حالیہ مون سون بارشوں میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر کوئی ناخوشگوار واقع رونما نہ ہو، اسلام آباد کے ہی علاقے آ ئی جے پی روڈ پر ٹریفک اشارے کے پاس غیر قانونی قائم کئے گئے چار مویشیوں کے باڑے مسمار کردئیے گئے اور اراضی شعبہ انوائرمنٹ کے حوالے کردی تاکہ وہاں بھی شجرکاری کی جاسکے.
بعد ازاں اسلام آباد کے سیکٹر F-6/3 کی گلی نمبر گیارہ میں ایک رہائشی گھر کے باہر غیر قانونی گارڈ روم، ایک ڈراپ ڈائون بیرئیر کو بھی مسمار کردیا گیا ہے، قبضہ شدہ سامان سی ڈی اے نے تحویل میں لیکر سٹور میں جمع کروادیا ہے، اسلام آباد کے سیکٹر G-9 اور سیکٹر G-10 میں تعمیر شدہ دو غیر قانونی ڈھابوں کو بھی مسمار کردیا گیا ہے.
واضح رہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے وفاقی دارالحکومت میں سی ڈی اے غیر قانونی تجاوزات و تعمیرات کے خلاف مسلسل آ پریشن کرنے میں مصروف ہے، جس سے اربوں روپے کی سرکاری اراضی واگزار کرائی جاچکی ہے.