موسیقی کی دنیا کے معتبر ایوارڈ گریمی کی 63 ویں سالانہ تقریب میں تمام بڑے ایوارڈز خواتین گلوکاروں نے جیت کر نئی تاریخ رقم کر دی-

باغی ٹی وی :خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق 63 ویں گریمی ایوارڈز کی تقریب کورونا کے باعث ورچوئل منعقد کی گئی اور فنکاروں نے آن لائن پرفارمنس سے شائقین کو محظوظ کیا۔

’گریمی ایوارڈز‘ کی تقریب میں مجموعی طور پر 83 کیٹیگریز میں ایورڈز دیے گئے ’39 سالہ امریکی گلوکارہ بیونسی نے گریمی کی تاریخ میں سب سے زیادہ ایوارڈز اپنے نام کرنے میں گلوکارہ اور موسیقارہ ایلیسن کراس کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

گریمی ایوارڈ2021 میں گلوکارہ بیونسی نے’آر اینڈ بی پرفارمنس‘ کا بڑا ایوارڈ اپنے نام کیا ساتھ ہی انہوں نے مجموعی طور پر 4 ایوارڈز جیتے، جس کے بعد ان کے گریمی ایوارڈز کی تعداد 28 ہوگئی اور وہ اتنے زیادہ گریمی ایوارڈز جیتنے والی پہلی گلوکارہ بن گئیں۔

ایوارڈ وصول کرتے وقت بیونسی نے کہا کہ ایک فنکار ہونے کی حیثیت سے میرا یقین ہے کہ وقت کی عکاسی کرنا میرا کام ہے اور یہ اتنا مشکل وقت رہا ہے لہٰذا میں ان تمام خوبصورت سیاہ فام کوئنز اور کنگز کی ترقی اور حوصلہ افزائی کا جشن منانا چاہتی ہوں جو مجھے اور دنیا کو متاثر کرتے رہے ہیں۔

دوسری جانب امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ بھی گریمی کی تاریخ میں 3 مرتبہ البم آف دی ائیر کا ایوارڈ اپنے نام کرنے والی پہلی خاتون فنکار بن گئی ہیں۔

گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کو ان کے لاک ڈاؤن کے البم ’فوک لور‘ پر ایوارڈ سے نوازا گیا جب کہ اس سے قبل صرف 3 فنکار ایسے ہیں جنہوں نے 3 بار البم آف دی ائیر کا ایوارڈ اپنے نام کیا جن میں فرینک سنتارا، پاؤل سمن اور اسٹیو ونڈر شامل ہیں۔

63 ویں گریمی ایوارڈز تقریب میں ’ریکارڈ آف دی ایئر‘ کا بڑا ایوارڈ امریکی گلوکارہ بلی آئلش نے جیتا۔

اسی طرح ’سانگ آف دی ایئر‘ کا دوسرا بڑا ایوارڈ ’ہر‘ (H.E.R) کودیگر گلوکاراؤں کے ساتھ دیا گیا۔

’گریمی ایوارڈز‘ کی تقریب کو کورونا کی وجہ سے آن لائن منعقد کیا گیا اور وچوئل تقریب میں بھی گلوکاراؤں نے شاندار پرفارمنس سے مداحوں کے دل جیتے۔

Shares: